جعفرآباد، تیز آندھی اور بارش سے درخت، سائن بورڈ اور بجلی کے کھمبے زمین بوس، حادثات میں 20 افراد زخمی

جعفرآباد (یو این اے) گزشتہ روز آنے والی تیز آندھی اور موسلادھار بارش نے ضلع جعفرآباد میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں مختلف حادثات کے دوران خواتین اور بچوں سمیت 20 افراد زخمی ہوگئے۔ آندھی اتنی شدید تھی کہ اس نے درختوں کو جڑ سے اکھاڑ دیا جبکہ سائن بورڈز، دیواریں اور بجلی کے درجنوں کھمبے زمین بوس ہوگئے۔ بجلی کے پول اور ٹرانسفارمرز گرنے کی وجہ سے ڈیرہ اللہ یار شہر کی بجلی گزشتہ 26 گھنٹوں سے معطل ہے، جس نے شدید گرمی کے ستائے ہوئے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔کیسکو حکام کے مطابق بجلی کی بحالی کے لیے امدادی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔ ایس ڈی او کیسکو کا کہنا ہے کہ کھمبوں اور تاروں کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے اور شام تک شہر کے تمام فیڈرز بحال ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ دوسری جانب بارش کے بعد شہر کی گلیوں اور سڑکوں پر برساتی پانی جمع ہونے سے آمدورفت کا نظام بھی شدید متاثر ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو نقل و حرکت میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی انتظامیہ اور کیسکو نے عوام سے صبر و تحمل کی اپیل کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں