وفاقی آئینی عدالت کے حکم پر بلوچستان حکومت نے دوران ملازمت وفات پانیوالے ملازمین کے کوٹے پر بھرتیاں بحال کردیں
کوئٹہ(یو این اے) حکومت بلوچستان محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے وفاقی آئینی عدالت کے فیصلے کی روشنی میں دوران ملازمت وفات پانے والے سرکاری ملازمین کے بچوں اور بیواﺅں کے کوٹے پر تقرریاں بحال کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ انڈر سیکرٹری ریگولیشن عبدالبارئی کاسی کی جانب سے صوبے کے تمام انتظامی سیکرٹریز، کمشنرز اور متعلقہ محکموں کو ارسال کیے گئے مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عدالتی احکامات کی سختی سے تعمیل کریں۔ جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی آئینی عدالت نے اپنے حالیہ فیصلے میں واضح کیا ہے کہ سپریم کورٹ کا رول 11-A کو ختم کرنے کا فیصلہ مستقبل کے لیے ہے، اور اس کا اطلاق ان کیسز پر نہیں ہوگا جہاں حق پہلے ہی پیدا ہوچکا تھا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ملازم کی وفات کے وقت ہی اس کے اہل خانہ کا حق پیدا ہو جاتا ہے، جبکہ درخواست کی پروسیسنگ اور تقرر نامے کا اجرا محض انتظامی کارروائی ہے۔ اس فیصلے کی روشنی میں محکمہ قانون کی رائے کے بعد تمام محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام ایسے کیسز جو 18 اکتوبر 2024 سے پہلے پراسیس یا فائنل ہو چکے تھے لیکن ان کے آرڈرز جاری نہیں ہوسکے تھے، انہیں تمام قانونی ضابطے پورے کرنے کے بعد فوری طور پر مکمل کیا جائے۔ اس فیصلے سے بلوچستان کے ان سینکڑوں متاثرہ خاندانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جو طویل عرصے سے تقرر ناموں کے منتظر تھے۔


