نیشنل پارٹی نے بلوچستان اسمبلی میں ساحل بلوچستان کو ”بحیرہ بلوچ“ کا نام دینے کی قرارداد جمع کرادی

کوئٹہ (یو این اے) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے گڈانی سے جیوانی تک پھیلے طویل سمندری ساحل کو ”بحیرہ بلوچ“ کے نام سے منسوب کرنے کے لیے صوبائی اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی ہے۔ یہ قرارداد آج ہونے والے اسمبلی اجلاس میں باقاعدہ پیش کی جائے گی، جس کا مقصد بلوچستان کے قدرتی ساحل کو اس کی جغرافیائی اور قومی شناخت دینا ہے۔قرارداد کے متن میں میر رحمت صالح بلوچ نے موقف اختیار کیا ہے کہ بلوچستان کا تقریبا 780 کلومیٹر طویل ساحل قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، لیکن عالمی نقشے پر یہ اب بھی ”بحیرہ عرب“ کے نام سے پہچانا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گڈانی سے جیوانی تک کا تمام ساحلی علاقہ بلوچستان کا حصہ ہے، مگر بدقسمتی سے کسی مخصوص شناخت نہ ہونے کی وجہ سے اس کی اہمیت اجاگر نہیں ہو سکی۔ قرارداد کے ذریعے صوبائی حکومت سے سفارش کی گئی ہے کہ اس پورے ساحلی پٹی کو ”بحیرہ بلوچ“ کا نام دیا جائے تاکہ اس عظیم ساحل کی اپنی ایک الگ اور واضح شناخت ممکن ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں