کوئٹہ میں فائرنگ سے ایک شخص قتل، اوستہ محمد میں نہر سے 6 سالہ بچے کی لاش برآمد، دکی میں کوئلہ کان کے اندر مٹی کے تودے تلے دب کر 2 کانکن جاں بحق

کوئٹہ، اوستہ محمد، ہرنائی (یو این اے) کوئٹہ میں فائرنگ سے نوجوان قتل، اوستہ محمد میں نہر سے 6 سالہ بچے کی لاش برآمد، دکی میں کوئلہ کان کے اندر مٹی کے تودے تلے دب کر 2 کانکن جاں بحق ہوگئے۔ کوئٹہ کے علاقے گاہی خان چوک کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ چھیپا ویلفیئر بلوچستان کے ترجمان کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق شخص کی شناخت 30 سالہ علی احمد ولد سلطان، قوم ابابکی کے نام سے ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں اوستا محمد کے نواحی علاقے میں گزشتہ دو روز سے لاپتہ 8 سالہ بچے کی نہر سے لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس اور خاندانی ذرائع کے مطابق، گوٹھ میر چاکر خان جمالی کے رہائشی 8 سالہ محمد یاسین ولد نور محمد، قوم برڑو دو روز قبل گھر سے لاپتا ہوگیا تھا،لاش اوستا محمد کے قریب واقع ‘ہدیرو شاخ (نہر) میں تیرتی ہوئی پائی گئی۔ پولیس نے نہر سے لاش نکال کر اپنی تحویل میں لیکر قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی۔ ایک اور واقعے میں ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں کوئلے کی کان کے اندر مٹی کا تودا گرنے کے نتیجے میں دو کانکن موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ پولیس ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق حادثہ شاہرگ کول مائنز ایریا میں واقع پانچ نمبر پہاڑ کے مقام پر ایک کوئلہ کان کے اندر اس وقت پیش آیا جب کانکن روزمرہ کی طرح گہرائی میں کھدائی کے کام میں مصروف تھے کہ اچانک مٹی کا ایک بھاری تودا ان کے اوپر آ گرا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی ریسکیو ٹیمیں، ساتھی کانکن اور پولیس کی نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ دونوں جاں بحق کانکنوں کی لاشوں کو شناخت کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں