میر خلیل احمد موسیانی کی میت کی عدم واپسی اور سردار نصیر موسیانی سمیت دیگر کی گرفتاری قابل مذمت ہے، بی ایس او
ویب ڈیسک : بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی ترجمان نے زہری کے علاقے بلبل میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما سردار نصیر احمد موسیانی کے گھر پر چھاپہ ، ان کے فرزند میر خلیل احمد موسیانی کی موت، میت ورثا کے حوالے نہ کرنے اور سردار نصیر احمد موسیانی سمیت متعدد افراد کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ بلوچستان میں انسانی اور سیاسی حقوق کی مسلسل پامالی کی ایک افسوسناک مثال ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایک سیاسی خاندان کے ساتھ اس نوعیت کا سلوک نہ صرف تشویشناک بلکہ عوام میں مزید بے چینی پیدا کرنے کا سبب بن رہا ہے۔بی ایس او نے مطالبہ کیا کہ میر خلیل احمد موسیانی کی میت فوری طور پر ان کے خاندان کے حوالے کی جائے، سردار نصیر احمد موسیانی سمیت تمام گرفتار افراد کو رہا کیا جائے اور واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔ ترجمان نے کہا کہ انسانی وقار، قانونی تقاضوں اور بنیادی حقوق کا احترام ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔


