بلوچستان کے تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کا نقصانات کے ازالے اور تحفظ کے لیے آل اسٹیک ہولڈرز کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان
کوئٹہ (آن لائن) بلو چستان کی بزنس کمیونٹی ،ٹرانسپورٹرز ،امپورٹ ایکسپورٹ سے وابستہ افراد ، ما ئن اونرز ایسو سی ایشن ،انجمن تا جران کے نما ئندوں، زمینداران و دیگر نے بلو چستان میںامن و امان کی مخدوش صورتحال، ما ل بردار گاڑیوں کو نذر آتش کر نے کے واقعات اورقانونی تجا رت اور سامان کے نقل و حمل میں درپیش مشکلات سے متعلق تمام اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیتے ہو ئے حکومت سے مطا لبہ کیا ہے کہ وہ بزنس کمیونٹی ،ٹرانسپورٹرز،ما ئن اونرزو دیگر کے نقصانات کا ازالہ کرتے ہو ئے ان کی حفاظت کے لئے جنگی بنیا دوں پر اقدامات اٹھا ئے بصورت دیگروہ احتجاج کر نے پر مجبور ہوں گے ۔ اس بات کا اعلان ایوان صنعت و تجا رت کو ئٹہ بلو چستان کے صدر حاجی محمد ایوب مر یانی نے اپنی زیر صدارت چیمبر آ ف کا مرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران ، ٹرانسپورٹرز یو نین ، انجمن تا جران ،زمیندار ایکشن کمیٹی و مختلف یو نین و دیگر کے مشاورتی اجلاس کے بعد اظہار خیال کر تے ہو ئے کیا ۔ اجلاس کے شرکا سے خطاب کر تے ہو ئے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی نے تجویز دی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جا ئے اور آج جمعرات کو مذکورہ کمیٹی کے ممبران کا اجلاس منعقد کیا جا ئے اورکوئی ایسا بیان نہ دیا جائے جس سے مزید مشکلات پیدا نہ ہو ہم سب متاثرین ہیںکیو نکہ اس وقت بلوچستان بارود کے ڈھیر پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے وزیراعظم پاکستان کے نوٹس میں یہ بات لائی ہے کہ بلوچستان میں شاہراہیں بند ہیں اور ما ل بردار گاڑیاں جلا ئی جا رہی ہیں معاملات کو سلجھانے کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے جس پر انہوں نے ایک بااختیار کمیٹی بھیجنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ پہلے تو شاہراہیں کھلیں گی اگر ایسا نہ ہو سکا تو آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔مسئلہ پورے صوبے کا ہے اس لئے سب کو کمیٹی میں نمائندگی دیں گے۔چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان ہر ممکن ساتھ دے گی۔چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے سنیئر نائب صدر حاجی اختر کاکڑ،نائب صدر انجینئر میروائس خان کاکڑکا کہنا تھا کہ اگر اب بھی اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ نہ کیا گیا تو نہ صرف تجا رت مشکل ہو گی بلکہ گھروں سے نکلنا بھی محال ہوگا،انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ٹرانسپورٹرز اور بزنس کمیونٹی جو بھی فیصلہ کرے گی چیمبر اس کو بھر پور سپورٹ کرے گی۔ بلو چستان گڈزٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی نور محمد شاہوانی نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران 28 مال بردار گاڑیوں کو جلادیا گیا ہے جس سے بڑے پیمانے پر مالی نقصانات ہوئے ہیں مگر حکومتی حکام کی جانب سے کوئی رابطہ اور ہمدردی تک نہیں کی گئی جب تک ٹرانسپورٹرز کے نقصانات کا ازالہ نہیں کیا جاتا تب تک ٹرانسپورٹ نہیں چلے گا۔ایل پی جی ایسو سی ایشن کے سید عتیق اللہ آغا کا کہنا تھا کہ ایل پی جی کی لوڈنگ کوتفتان سے میرا جاواہ منتقل کر دیا گیا ہے جس سے ہماری مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے ہم کانوائے کے حق میں نہیں اسے رہی سہی کسر بھی پوری ہو گی انہوں نے کہا کہ 6بوزر ڈرائیورز کو اغوا کرکے تاوان طلب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کسٹمز میں آتشزدگی سے متعلق جے آئی ٹی کی تشکیل اور تحقیقات کی تجویز پیش کی ۔انہوں نے ملک بھر میں ایل پی جی سپلائی بند کرنے کی بھی تجویز پیش کی۔پاکستان مائنز اونرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل سید فتح شاہ عارف نے کہا کہ اس طرح کے اجلاسوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے ہمیں حکومت کو مجبور کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ٹرک جلانے کامسئلہ اب سے نہیں بلکہ 1995 سے ہے آج کے اجلاس کو آخری نہیں ابتدائی ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ مائنز اونرز کی جانب سے ٹرک مالکان کو 250 ملین روپے کے معاوضہ دیا جا چکا مگر اب ہم مزید ایسا نہیں کریں گے اب حکومت کو نقصانات کا مداواں کرنا ہوگا صرف ٹرانسپورٹرز کا نہیں بلکہ مائن اونرز کا بھی۔حکمرانوں کو واضح کرنا ہوگا کہ انہیں 2.3 بلین روپے کی روینیو چاہیے یا نہیں ہم سب اسٹیک ہولڈرز کو اکھٹا ہونا ہوگا۔ضلع قلعہ سیف اللہ کے ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے ملک شیر علی کاکڑ کا کہنا تھا کہ ہمیں حتمی احتجاج کی جانب جانا ہوگا جب تک ملک بھر میں سپلائی بند نہیں ہو گی تب تک ہمارے مسائل حل نہیں ہوں گے پہلے صرف معدنیات کے ٹرک جلائے جا رہے تھے اب تو چاول اور دیگر چیزیں بھی نہیں چھوڑی جا رہی۔نیشنل فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایسو سی ایشن کے حاجی شیر علی بنگلزئی کا کہنا تھا کہ 31 جنوری کے بعد ہزار گنجی و دیگر میں کاروبار بری طرح متاثر ہو چکا ہے کسٹمز ہاس میں آتشزدگی حادثہ نہیں واقعہ ہے۔انجمن تاجران کے سید رحیم آغا نے کہا کہ ہم چیمبر کو اختیار دیتے ہیں جو بھی کال ہوگی ہمارا تعاون آپ کو حاصل رہے گا۔میری تجویز ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے کون فارم 45 اور کون فارم 47 ہیں اس میں نہیں الجھنا چاہیے کور کمانڈر اور آئی جی ایف سی سے ملاقات کا انتظام کیا جائے۔مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے سید عبد القیوم آغا کا کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی اور ٹرانسپورٹرز کو متحد کر کے چیمبر نے وہ کام کیا جسے کوئی نہ کر سکا انہوں نے کہا کہ بات کمیٹیوں سے نہیں بنے گی کمیٹی تو مصور کاکڑ کے مسئلے پر بنی مگر نتیجہ سب کے سامنے ہیں کمیٹیوں سے بڑھ کر اقدام کرنا ہوگا کاروان بن چکا قیادت کرنے والے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم متاثرین کی مالی اور جانی معاونت کیلئے تیار ہیں لشکر کشی اور قانون ہاتھ میں لینا مسائل کا حل نہیں۔زمیندار ایکشن کمیٹی کے محمد کاظم اچکزئی کا کہنا تھا کہ 20 رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے دہشتگردی کے واقعات میں جام شہادت نوش کرنے والوں کو معاوضہ دیا جاتا ہے مگر بزنس مینوں کے نقصانات کے ازالے کیلئے کسی قسم کے اقدامات نہیں کئے جا رہے میری تجویز ہے کہ وزیر اعلی بلوچستان بزنس کمیونٹی کے تحفظ کے لئے بجٹ میں 20 ارب روپے نقصانات کے ازالے کے لئے مختص کریں۔حاجی صدو خان،عبدالقدوس، ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن دکی کے صدر حاجی محمد رضا ناصر،ہرنائی ٹرانسپورٹ کے عطا اللہ،حاجی فوجاں بڑیچ،اسکریپ ایسوسی ایشن کے نیاز خان،سردار زین العابدین خلجی،بلوچ خان اتمان خیل،حاجی جانان نے کہا کہ تفتان،کوئٹہ میں ہزاروں گاڑیاں کھڑی ہیں 12 رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے ہڑتال اور مذاکرات بارے بتایا جائے ضرورت پڑی تو گھنٹوں میں سب کچھ جام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چیمبر ساتھ دیں اور ہماری بات حکام تک پہنچائیں۔ سیکورٹی کی مخدوش صورتحال کے باوجود بھی ہم کام جاری رکھیں گے۔ حکومت کو سیکورٹی دینا ہوگی اور ٹرانسپورٹرز کے نقصانات کا ازالہ کرنا ہوگا۔کاروباری معاملات رک چکے ہیں کل تک 37 گاڑیاں جل چکی ہیں اس سے زیادہ مشکل پہلے دیکھا نہ شاید بعد میں دیکھیں گے۔ ڈیڈ لائن دی جائے اور بعد میں جو حکم ہوگا اس پر سب کو مل کر عمل درآمد کرنا ہوگا۔کوئٹہ سے تفتان تک درجنوں چیک پوسٹوں پرغیر ضروری تنگ کیا جاتا ہے۔ آج کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر کے حکومت کو 3دنوں کی ڈیڈ لائن دی جائے۔لورالائی سے ڈیرہ غازی خان تک 17 چیک پوسٹوں پر گاڑیوں کو بے جا تنگ کیا جاتا ہے۔آخر میں تمام اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ مذکورہ کمیٹی کا اجلاس آج بروز جمعرات کو ہو گا۔


