زہری میں سردار نصیر موسیانی کے بیٹوں سمیت گرفتاری کیخلاف 4 جون کو صوبے بھر میں احتجاج کریں گے، بی این پی

کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ نے کوئٹہ پریس کلب میں پارٹی کے سینئر رہنماوں کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے خضدار کے علاقے بلبل زہری میں پارٹی کے سینئر رہنما، سابق ڈسٹرکٹ ناظم اور موسیانی قبیلے کے چیف سردار نصیر احمد موسیانی کے گھر پر فورسز کے مبینہ چھاپے، ان پر تشدد اور ان کے بیٹوں سمیت گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے اسے حکومت کا شرمناک اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت کو بلوچستان میں جاری ظلم کے خلاف آواز اٹھانے سے روکنے کے لیے ایسے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ پریس کانفرنس کے موقع پر بی این پی کے مرکزی قائدین آغا حسن بلوچ ایڈووکیٹ، اختر حسین لانگو، موسی بلوچ، احمد نواز بلوچ، صمند بلوچ، ثنا بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے۔ساجد ترین ایڈووکیٹ نے کہا کہ سردار نصیر احمد موسیانی نے ہمیشہ جمہوری اور آئینی راستہ اختیار کیا ہے، ان کے خلاف یہ کارروائی بلوچستان میں جمہوری سیاست کے وجود پر ایک سنگین سوالیہ نشان ہے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی اپنے قائد سردار اختر جان مینگل کی قیادت میں ہر قسم کے جبر کے خلاف سیاسی و آئینی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں