مولانا فضل الرحمن کوئٹہ پہنچ گئے، پشین میں تحفظ مدارس و حقوق بلوچستان کانفرنس سے خطاب کریں گے
کوئٹہ(این این آئی)جمعیت علما اسلام ف کے زیر اہتمام آج پشین میں تحفظ مدارس و حقوق بلوچستان کانفرنس منعقد کی جارہی ہے ، کانفرنس میں شرکت کیلئے جے یو ائی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن تین روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے۔پشین کے اسپورٹس کمپلیکس گراونڈ میں تحفظ مدارس و حقوق بلوچستان کانفرنس کا آغاز جمعرات کی سہ پہر تین بجے ہوگا ،کانفرنس سے جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ،،،مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری ،محمد اسلم غوری ، انجینئر ضیاءالرحمان ،علامہ راشد سومرو اور مرکزی وصوبائی قائدین خطاب کریں گے۔ترجمان جے یو آئی کے مطابق پشین میں کانفرنس کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں ،صوبہ بھر سے کارکن شریک ہونگے،جبکہ جے یو ائی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کانفرنس میں شرکت کیلئے کوئٹہ پہنچ گئے ہیں ، کانفرنس میں مولانا فضل الرحمان امن وامان اور مہنگائی کی صورتحال پر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔


