چاغی میں بدامنی اور ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں پر قابو نہ پایا گیا تو تھانے کے سامنے دھرنا دیں گے، تاجر برادری کا انتباہ
چاغی (نامہ نگار) چاغی میں بڑھتی بدامنی کے خلاف سخت ردعمل ڈاکوﺅں کی گرفتاری نہ ہوئی تو تھانے کے سامنے دھرنا دیں گے۔ تاجر و دکاندار کا کہنا تھا کہ چاغی بازار میں بڑھتی بدامنی اور ڈکیتی کی مسلسل وارداتوں کیخلاف چاغی تاجر برادری نے چاغی پولیس سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ورنہ تحصیل چاغی پولیس تھانے کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز چاغی عید گاہ روڈ پر نامعلوم ڈاکوﺅں نے6 کے قریب دکانداروں کو اسلحہ کے زور پر لوٹ لیا۔ آج شاپنگ گلی میں نامعلوم ڈاکوﺅں نے بلال کراکری والے کو لوٹ کر فرار ہوگئے۔ چاغی شہر میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں اب روز کا معمول بن چکی ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کی خاموشی پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہری اب نہ اپنے گھروں میں محفوظ ہیں اور نہ ہی دکانوں میں محفوظ ہیں۔ دن دہاڑے ڈکیتی سے ثابت ہوگیا کہ جرائم پیشہ عناصر بے خوف ہوچکے ہیں۔ انہوں نے چاغی پولیس سے مطالبہ کیا کہ ڈاکوﺅں کو جلد از جلد گرفتار کرکے مال مسروقہ برآمد کیا جائے اور چاغی بازار میں پولیس گشت بڑھایا جائے، ناکہ بندی کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر چاغی پولیس نے فوری اقدامات نہ کیے تو چاغی کی عوام اور تاجر برادری مل کر چاغی پولیس تھانے کے سامنے دھرنا دیں گے۔ اس کی تمام تر ذمہ داری چاغی پولیس اور ضلعی انتظامیہ پر ہوگی۔


