گوادر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت سے ماہی گیر، ٹرانسپورٹر، تاجر مشکلات سے دوچار، حکومت فوری طور پر کنٹانی ہور بارڈر کھولے، نیشنل پارٹی

گوادر (بیورو رپورٹ) نیشنل پارٹی کے صوبائی ماہی گیر سیکرٹری آدم قادربخش نے اپنے ایک بیان میں ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کنٹانی ہور کو کھولنے کے لیے فوری طور پر نوٹیفکیشن جاری کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع گوادر اس وقت تیل کی شدید قلت کا شکار ہے، جس کے باعث ماہی گیر، ٹرانسپورٹرز، تاجر برادری اور عام شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ ایندھن کی عدم دستیابی نے نہ صرف ماہی گیری کے شعبے کو متاثر کیا ہے بلکہ روزمرہ کاروباری اور معاشی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ آدم قادربخش نے کہا کہ کنٹانی ہور اور دیگر ساحلی علاقوں میں تیل سے متعلق کاروباری سرگرمیوں میں مقامی لوگوں کو ترجیح دی جانی چاہیے تاکہ ضلع گوادر کے نوجوانوں اور مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع میسر آئیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ غیر مقامی عناصر کی غیر ضروری مداخلت کی حوصلہ شکنی کی جائے اور ایک شفاف نظام متعارف کرایا جائے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ شناختی کارڈ کی بنیاد پر رجسٹریشن کا نظام نافذ کیا جائے، جس کے ذریعے مقامی افراد کو کاروبار اور نقل و حمل کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ اس اقدام سے نہ صرف مقامی معیشت کو تقویت ملے گی بلکہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے حکومت بلوچستان، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ عوامی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے فوری اور موثر اقدامات کیے جائیں تاکہ گوادر کے عوام، بالخصوص ماہی گیر برادری، کو درپیش مسائل کا حل ممکن بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں