مجھے مانگی کے شہداء کی فاتحہ خوانی سے روکا گیا، قوم پرست اور مذہبی جماعتیں لاشوں پر سیاست کررہی ہیں، نور محمد دمڑ

ہرنائی (یو این اے) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما اور صوبائی وزیر خوراک حاجی نورمحمد خان دمڑ نے دمڑ ہاﺅس ہرنائی میں کاروان کے کارکنوں، عہدیداروں اور قبائلی معتبرین کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم پرست اور مذہبی جماعتیں ہمیشہ اپنی سیاسی ساکھ برقرار رکھنے کے لیے لاشوں کی سیاست کرتی رہی ہیں، لیکن اب عوام باشعور ہیں اور سوشل میڈیا کے اس دور میں ان کی دوغلی سیاست کو یکسر مسترد کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مانگی اور شاہرگ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے غمزہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گردی صرف حلقہ پی بی-7 زیارت کم ہرنائی کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے ملک بالخصوص بلوچستان کا دیرینہ مسئلہ ہے اور یہ بزدلانہ کارروائیاں ہمارے ملک و قوم کے ازلی دشمن بھارت کی جانب سے پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ صوبائی وزیر نے انکشاف کیا کہ انہیں شاہرگ واقعے کے شہدا کی فاتحہ خوانی کے لیے کمیٹی نے خود بلایا تھا، لیکن جب وہ مانگی پہنچے تو نام نہاد قوم پرست اور مذہبی جماعتوں کے عہدیداروں نے سازش کے تحت انہیں تعزیت اور فاتحہ خوانی سے روک دیا، جس کے ثبوت اور میسجز ان کے پاس موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی قوم یا مسلک نہیں ہوتا، وہ انسانیت کے دشمن ہیں اور یہ نام نہاد جماعتیں خود ان کی ساتھی ہیں جو قوم میں انتشار پیدا کر رہی ہیں۔ حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کارکنوں کو آپس میں اتحاد قائم رکھنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ وہ ہرنائی کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور حلقے کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔ اس موقع پر حاجی باز محمد دمڑ، حاجی راز محمد دمڑ، ملک اسرارالحق عبدلانی، پریس کلب کے صدر محمد عارف ترین اور دیگر معتبرین نے شرکت کی۔ دورے کے اختتام پر صوبائی وزیر نے شہید اکرام اللہ شاہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت کے چچا سید خان ترین کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی اور تعزیت کے بعد کوئٹہ روانہ ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے