ایرانی افواج نے آبنائے ہرمز میں امریکی کمپنی سے منسلک کارگو جہاز تحویل میں لے لیا، نیوز ایجنسی
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز میں ایک امریکی کمپنی سے منسلک کارگو جہاز کو تحویل میں لے لیا۔ ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق مذکورہ کارگو جہاز کو سمندری ٹرانزٹ قوانین اور ضوابط کی خلاف ورزی کے الزام میں روکا گیا۔ فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جہاز کو سمندری ٹرانزٹ قوانین اور ضوابط کی مبینہ خلاف ورزی کے الزام میں روکا گیا۔ پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکی فوج کی سرپرستی یا نگرانی میں 4 تجارتی آئل ٹینکرز آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ایرانی حکام کے مطابق ان میں سے ایک جہاز کو روک لیا گیا، جبکہ باقی 3 جہاز ایرانی کارروائی کے بعد واپس اپنی سمت تبدیل کرکے لوٹ گئے۔ ایرانی میڈیا نے واقعے کی مبینہ ویڈیو اور تصاویر بھی جاری کی ہیں، جن میں تیز رفتار ایرانی گشتی کشتیوں کو ایک بڑے تجارتی جہاز کے گرد نقل و حرکت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ تاہم جہاز کی ملکیت، اس کے پرچم، عملے اور کارگو کی نوعیت سے متعلق تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں۔ آزاد ذرائع سے بھی تاحال اس دعوے کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ دوسری جانب امریکی حکومت، امریکی بحریہ یا امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے اس واقعے پر ابھی تک کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔


