ایران اور اسرائیل کے ایک دوسرے کی تنصیبات پر حملے، تہران میں متعدد دھماکوں کی اطلاعات

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی دفاعی افواج اور پاسداران انقلاب کی جانب سے ایک دوسرے کی تنصیبات پر حملوں کے دعوے سامنے آرہے ہیں، دوسری جانب تہران میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، تاہم ان میں جانی اور مالی نقصانات کے حوالے سے انتظامی کی جانب سے کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ اسرائیلی دفاعی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران میں ’سٹریٹجک دفاعی نظاموں‘ کے خلاف بڑے پیمانے پر حملے مکمل کر لیے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے ایک نئے بیان کے مطابق وسطی اور مغربی ایران میں ہونے والی کارروائیوں میں اسرائیلی فضائیہ کے درجنوں جنگی طیاروں نے حصہ لیا۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان حملوں کے دوران ایران کے متعدد دفاعی نظاموں کو نشانہ بنا کر انھیں غیر مو¿ثر کر دیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کا مزید کہنا ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں ایرانی فضائی حدود میں اسرائیلی فضائیہ کی کارروائی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایران کی پیٹروکیمیکل تنصیبات پر اسرائیلی حملے کے جواب میں حیفہ کی پیٹروکیمیکل تنصیبات پر میزائل حملہ کیا ہے۔ دوسری جانب ایران کے دارالحکومت تہران سے متعدد دھماکوں کی آوازیں سنے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دی ہیں، تاہم فوری طور پر ان کی نوعیت اور مقام کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا یہ دھماکے حالیہ اسرائیلی حملوں سے متعلق ہیں یا نہیں۔ اسرائیل گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران ایران کے مختلف علاقوں میں حملوں کا دعویٰ کر چکا ہے۔ حکام کی جانب سے تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کے بارے میں سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے