ژوب میں بلوچستان گرینڈ الائنس اور ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج، ڈی ایچ کیو اسپتال میں او پی ڈی بند، مریضوں کو مشکلات کا سامنا
ژوب (نامہ نگار) بلوچستان گرینڈ الائنس اور ینگ ڈاکٹرز کا اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج جاری، مریض رل گئے۔ تفصیلات کے مطابق گرینڈ الائنس ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے احتجاج کے باعث ڈی ایچ کیو اسپتال ژوب میں بھی او پی ڈیز بند ہیں جس سے علاج کی غرض سے آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اسپتال آنے والے مریضوں اور انکے رشتہ داروں نے بتایا کہ علاج کے لیے صبح سے اسپتال آئے ہیں لیکن احتجاج کی وجہ سے علاج و معالجے سے محروم ہیں۔ انہوں نے حکومت اور ڈاکٹروں سے اپیل ہے کہ مسئلہ جلد حل کیا جائے تاکہ مریضوں کی مشکلات ختم ہوں پاکستان الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر شفقت اللہ نے موقف اختیار کیا کہ وہ اپنے جائز مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی بار حکومت کی توجہ اس جانب مبذول کرائی گئی مگر تاحال مطالبات پر عملی پیش رفت نہیں ہوئی، جس کے باعث احتجاج جاری رکھنے پر مجبور ہیں ہمارا احتجاج مریضوں کے خلاف نہیں بلکہ اپنے جائز مطالبات کے حق میں ہے تاہم ایمرجنسی سروسز مکمل طور پر جاری ہے اگر حکومت نے سنجیدگی سے مذاکرات نہ کیے اور مطالبات تسلیم نہ کیے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اس سلسلے میں ایم ایس ڈاکٹر سلطان موسیٰ خیل نے کسی قسم کا موقف دینے سے انکار کیا عوامی و سماجی حلقوں نے کہا ہے کہ احتجاج کا براہ راست اثر مریضوں پر پڑ رہا ہے جو مسئلے کے حل کے منتظر ہیں۔


