احتساب کو یقینی بنایا جارہا ہے، نظام انصاف میں بہتری فیصلوں سے نہیں موثر عملدرآمد سے آئے گی، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ نظام انصاف میں احتساب کو یقینی بنایا جا رہا ہے، نظام انصاف میں بہتری محض فیصلوں سے نہیں بلکہ موثر عملدرآمد سے آئے گی۔ اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے زیر اہتمام قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کے تحت منعقدہ قومی کانفرنس برائے جیل اصلاحات سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہاکہ نظام انصاف میں بہتری محض فیصلوں سے نہیں بلکہ موثر عمل درآمد سے آئے گی ، نظامِ انصاف میں احتساب کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ جیلیں فوجداری نظام انصاف کی حقیقی عکاس ہیں اور بامعنی اصلاحات کے لیے تمام اداروں کی مشترکہ ذمہ داری اور صوبائی قیادت کا مسلسل کردار ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم این جے پی ایم سی کے قومی ایکشن پلان پر مربوط اور عملی اقدامات کے ذریعے عملدرآمد چاہتے ہیں۔


