فیفا فٹبال ورلڈ کپ ناک آﺅٹ مرحلہ، کولمبیا، مصر اور ارجنٹینا پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے
کینساس، ٹیکساس، میامی (مانیٹرنگ ڈیسک) فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے ناک آﺅٹ مرحلے میں کولمبیا نے گھانا، مصر نے آسٹریلیا، ارجنٹینا نے کیپ وردی کو شکست دیکر پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ کینساس سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے راﺅنڈ آف 32 کے میچ میں کولمبیا کی جانب سے واحد اور فیصلہ کن گول جھون آریاس نے پہلے ہاف کے 14 ویں منٹ پر کیا۔ واضح رہے کہ کولمبیا نے دفاع میں انتہائی منظم کھیل پیش کرتے ہوئے گھانا کو پورے میچ میں ایک بھی شاٹ ہدف پر لگانے کا موقع نہیں دیا اور 0-1 کی برتری برقرار رکھتے ہوئے کامیابی اپنے نام کرلی۔ ٹیکساس میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں مصر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کردی اور آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آﺅٹ میں 4-2 سے شکست دے کر پہلی بار ورلڈ کپ کے ناک آﺅٹ مرحلے میں کامیابی حاصل کرلی۔ تفصیلات کے مطابق ڈیلاس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کا مقررہ اور اضافی وقت 1-1 گول سے برابر رہا، جس کے بعد فیصلے کے لیے پنالٹی شوٹ آﺅٹ کا سہارا لیا گیا، جہاں مصری کھلاڑیوں نے چاروں پنالٹیز کامیابی سے گول میں تبدیل کیں جبکہ آسٹریلیا نے 2 پنالٹی اسکور کی۔ مصر نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور 13ویں منٹ میں امام عاشور نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، آسٹریلیا نے دوسرے ہاف میں واپسی کرتے ہوئے 55 ویں منٹ پر برابری حاصل کی۔ کھیل کے اضافی وقت میں بھی دونوں ٹیمیں فیصلہ کن گول نہ کرسکیں، جس کے بعد میچ پنالٹی شوٹ آﺅٹ میں داخل ہوگیا جس میں مصر کا پلڑا بھاری رہا۔ پنالٹی شوٹ آﺅٹ میں مصر کی جانب سے محمد صابر، رامے رابا، محمد صالح اور حسام عبدالمجید نے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے راﺅنڈ آف 32 میں ارجنٹینا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کیپ ورڈی کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ راﺅنڈ آف 32 میں ارجنٹینا نے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں شریک کیپ ورڈی کو اضافی وقت میں 2-3 کے اسکور سے شکست دی۔ میامی میں کھیلا گیا یہ میچ کافی دلچسپ اور سنسنی خیز رہا، کیپ ورڈی نے 2 مرتبہ خسارے میں جانے کے باوجود میچ برابر کیا۔ پہلے ارجنٹینا نے میسی کے گول کی بدولت برتری حاصل کی تھی، یہ گول اسٹار کھلاڑی لیونل میسی نے 29 ویں منٹ میں کیا۔ اس ورلڈ کپ میں یہ ان کا ساتواں گول تھا۔ 59 ویں منٹ میں کیپ ورڈی کی جانب سے ڈوآرٹے نے گول کرکے میچ برابر کیا۔ کھیل کے مقررہ وقت تک مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا۔ اضافی وقت کا کھیل شروع ہوا تو ارجنٹینا کے لیسینڈرو مارٹینز نے 92 ویں منٹ میں گول کرکے ارجنٹینا کو برتردی دلا دی۔ کیپ ورڈی کے سڈنی کیبریل نے ایک شاندار کک کے ذریعے ارجنٹینا کے گول کیپر کو بے بس کرکے مقابلہ 2-2 گول سے برابر کر دیا۔ اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں کیپ ورڈی کے کھلاڑی ڈنی بورگس کی غلطی سے گیند ان ہی کی ٹیم کے جال میں چلی گئی جس کے سبب ارجنٹینا کو 2-3 کی برتری مل گئی۔ یوں یہ میچ ارجنٹینا نے 2-3 سے جیت کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا کی ٹیم مصر کے خلاف 7 جولائی کو کھیلے گی۔ د±نیائے فٹبال کے 2 اسٹار کھلاڑی ارجنٹینا کے میسی اور مصر کے محمد صلاح آمنے سامنے ہوں گے۔


