تہران، علی خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، مجمع گاہ میں شرکاء کی جانب سے خون کا بدلہ اور انتقام لینے کے نعرے
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) تہران میں رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای، ان کی بیٹی بشریٰ خامنہ ای، داماد مصباح الہدیٰ باقری، بہو زہرا حداد عادل اور کم سن نواسی زہرا محمدی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ ایران کے خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق تہران میں سابق رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ امریکہ اور اسرائیل نے رواں سال کے آغاز میں حملہ کر کے انہیں ہلاک کر دیا تھا۔ تہران کے بڑے مذہبی اور ثقافتی مرکز امام خمینی مصلیٰ میں نماز جنازہ آیت اللہ جعفر سبحانی نے پڑھائی۔ ارنا کے مطابق نماز جنازہ تین مراحل میں ادا کی گئیں۔ پہلے مرحلے میں سابق رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای، دوسرے مرحلے میں ان کی بیٹی بشریٰ خامنہ ای، داماد مصباح الہدیٰ باقری اور بہو زہرا حداد عادل کی نماز جنازہ اد کی گئی۔ تیسرے مرحلے میں علی خامنہ ای کی کم سن نواسی زہرا محمدی کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ بی بی سی فارسی کے مطابق نماز جنازہ کے بعد تقریب کے منتظمین نے علی خامنہ ای کے خون کا بدلہ لینے اور انتقام کے نعرے لگوائے۔


