کوئٹہ، انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان، کامیابی کا تناسب 89 فیصد رہا

کوئٹہ ( آئی این پی ) بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوئٹہ نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات 2026کے نتائج کا اعلان کر دیا، امتحان میں مجموعی طور پر 99ہزار 946طلبہ شریک ہوئے جن میں سے 88ہزار 944طلبہ کامیاب قرار پائے، کامیابی کا مجموعی تناسب 89فیصد رہا۔بورڈ حکام کے مطابق گیارہویں جماعت کے امتحان میں 46ہزار 356طلبہ نے حصہ لیا، جن میں سے 39ہزار 902طلبہ کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 86.1فیصد رہا، جبکہ بارہویں جماعت میں 53ہزار 590طلبہ شریک ہوئے جن میں سے 49ہزار 42طلبہ کامیاب قرار پائے، کامیابی کا تناسب 91.5فیصد رہا۔نتائج کے مطابق امتحان کے دوران ممنوعہ ذرائع استعمال کرنے پر 542طلبہ کے نتائج روک دیے گئے ہیں۔ امتحانات کے انعقاد کے لیے صوبے بھر میں 257امتحانی مراکز قائم کیے گئے جہاں نگران عملے کے طور پر 854اساتذہ نے خدمات انجام دیں، جبکہ 151افسران نے مانیٹرنگ کے فرائض سرانجام دیے۔اعلان کردہ نتائج میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں اسلامیہ گرلز کالج کوئٹہ کی طالبہ عائشہ خان ولد غضنفر علی رول نمبر 580369نے 1067نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ بلوچستان ریزیڈنشل کالج لورالائی (BRCLoralai)کے طالب علم رسد خان ولد نعمت اللہ رول نمبر 250202نے 1064نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ اسلامیہ گرلز کالج کوئٹہ کی طالبہ سعدیہ ولد طاہر کامران رول نمبر 580370نے 1061نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔چیئرمین بورڈ محمد اسحاق، کنٹرولر بورڈ ڈاکٹر ضیا الحق کاکڑ اور سیکریٹری بورڈ ضیا الرحمان خلجی نے کامیاب طلبہ بالخصوص پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں سے قوم کو بڑی توقعات وابستہ ہیں، امید ہے کہ طلبہ مزید محنت کرکے ملک و قوم اور بلوچستان کا نام روشن کریں گے۔کنٹرولر بورڈ نے امتحانات کے انعقاد اور ریکارڈ مدت میں نتائج کی تیاری میں معاونت پر اساتذہ کرام، بورڈ کے عملے، بالخصوص آئی ٹی سیکشن، ریسرچ سیکشن، شعبہ امتحانات، رزلٹ برانچ اور خصوصی معائنہ ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔بورڈ حکام کے مطابق طلبہ کی سہولت کے لیے ری کانٹنگ کی درخواست کا طریقہ کار مکمل طور پر آن لائن کر دیا گیا ہے۔ طلبہ اصل ڈی ایم سی کے اجرا کا انتظار کیے بغیر 5اگست 2026تک، یعنی اعلان نتائج کے 15دن کے اندر، ری کانٹنگ کے لیے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں