پنجگور محکمہ زراعت میں کروڑوں روپے کے فنڈ منظور نظر زمینداروں کو دیے جانے لگے، کھجور کے باغات تباہی سے دوچار، عوامی حلقوں کا شفاف تحقیقات کا مطالبہ
پنجگور (نامہ نگار) پنجگور میں محکمہ زراعت کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے محکمہ کی عدم توجہ کی وجہ سے پنجگور کے کاشتکاروں کو مشکلات کا سامنا۔ واٹر مینجمنٹ محکمہ میں بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے، محکمہ میں کروڑوں روپے کے فنڈز ذاتی اثر ورسوخ کی بنیادوں پر مخصوص زمینداروں کو دیے گئے ہیں جبکہ مستحق زمینداروں کو سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔ عوامی حلقوں اور زمینداروں نے بتایا کہ محکمہ واٹر مینجمنٹ میں ہرسال کروڑوں روپے کے فنڈز گرین بلوچستان پروجیکٹ یا دوسرے پروجیکٹ کے نام پر آرہے ہیں مگر پنجگور میں تاحال زرعی پیداوار میں بہتری دکھائی نہیں دے رہی، حق دار زمینداروں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ محکمہ زراعت پنجگور کی بے قاعدگیوں کی تحقیق شروع کریں ۔ واضح رہے یہ سلسلہ گزشتہ کئی سال سے جاری ہے، غریب زمینداروں کوان کے حق سے محروم رکھا جا رہا ہے، محکمہ زراعت کی عدم توجہ کے باعث کھجور کے درخت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں مگر آج تک محکمہ واٹر مینجمنٹ محکمہ زراعت نے ان کی بحالی کے لیے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی، محکمہ کے سہولیات صرف چند مخصوص زمینداروں تک محدود ہوں تو پنجگور میں زرعی پیداوار میں بہتری نہیں آئے گی۔


