تفتان شاہراہ پرڈھڈر کے مقام پر مسلح افراد کا ایکسائز کی چیک پوسٹ پر حملہ، تین اہلکار مبینہ طور پر اغوا

دالبندین(این این آئی)دالبندین-تفتان شاہراہ پر ڈھڈر کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے محکمہ ایکسائز کی عارضی چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور مبینہ طور پر محکمہ ایکسائز کے تین اہلکاروں کو دو سرکاری گاڑیوں اور سرکاری اسلحہ سمیت اپنے ساتھ لے گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت ایکسائز اہلکار عارضی چیک پوسٹ پر ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ مسلح افراد نے حملہ کیا۔ حملے کے بعد مسلح افراد مغوی اہلکاروں، سرکاری گاڑیوں اور اسلحے سمیت فرار ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کا سراغ لگانے اور مغوی اہلکاروں کی بازیابی کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ حملہ آوروں کی شناخت اور فرار کے راستوں کا بھی تعین کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں