بجلی کی طویل بندش، سرکی روڈ کا علاقہ رات بھر اندھیرے میں، شکایت کے باوجود شنوائی نہ ہوسکی
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک) سرکی روڈ نزد گوالمنڈی چوک پر گزشتہ رات 11 بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، جس کے باعث پورا علاقہ رات بھر اندھیرے میں ڈوبا رہا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق بجلی کی خرابی کی اطلاع متعلقہ سب ڈویژن سیٹلائٹ ٹاو¿ن، چیف آفس اور آن لائن شکایتی نظام پر بھی درج کرائی گئی، تاہم تاحال بجلی بحال نہیں کی جاسکی۔ سب ڈویژن سیٹلائٹ ٹاو¿ن کے متعلقہ عملے کو مسلسل فون کرکے شکایت درج کرانے اور بجلی کی بحالی کی درخواست کی جاتی رہی، مگر شکایت سننے کے بجائے فون پر مبینہ طور پر یہ جواب دیا جاتا رہا کہ دفتر آکر شکایت کریں۔ صارفین نے سوال اٹھایا کہ اگر ہر شکایت کے لیے صارفین کو دفتر ہی جانا ہے تو ٹیلی فون اور آن لائن شکایتی نظام کا مقصد کیا ہے؟شہریوں نے کیسکو حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکی روڈ کے متاثرہ علاقے میں بجلی فوری بحال کرکے رات بھر شکایات کے باوجود کارروائی نہ کرنے والے متعلقہ عملے کے طرزِ عمل کا بھی نوٹس لیا جائے۔


