پسنی ، مکران میں محکمہ بی اینڈ آر میں درجنوں کیسز التوا کا شکار،سپرنٹنڈنٹ انجینئر کی آسامی پر کوئی تعیناتی نہیں
پسنی (نامہ نگار)مکران میں محکمہ بی اینڈ آر کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر کی آسامی خالی، درجنوں افراد کے کیسز التوا کا شکار،متعلقہ حکام سے فوری تعیناتی اور زیر التوا کیسز نمٹانے کے لیے اقدامات کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق مکران میں محکمہ بلڈنگز اینڈ روڈز (بی اینڈ آر) کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر (ایس ای) کی آسامی ریٹائرمنٹ کے بعد خالی ہونے کے باعث محکمانہ امور متاثر ہونے اور درجنوں افراد کے کیسز التوا کا شکار ہونے کی اطلاعات ہیں،سپرنٹنڈنٹ انجینئر کی عدم تعیناتی کے باعث متعلقہ امور کی پیش رفت میں مشکلات کا سامنا ہے، جس سے مختلف نوعیت کے معاملات نمٹانے کے منتظر افراد کی پریشانیوں میں اضافہ ہو رہا ہے،ذرائع کے مطابق سپرنٹنڈنٹ انجینئر کی ریٹائرمنٹ کے بعد اہم عہدہ خالی ہونے سے محکمانہ معاملات کی بروقت انجام دہی متاثر ہو رہی ہے۔ متعدد افراد کے کیسز تاحال زیر التوا ہیں، جس کے باعث انہیں اپنے معاملات کی تکمیل کے لیے انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ اگر متعلقہ عہدے پر بروقت تعیناتی عمل میں نہ لائی گئی تو زیر التوا کیسز کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے،محکمہ بلڈنگز اینڈ روڈز میں سپرنٹنڈنٹ انجینئر کا عہدہ اہم انتظامی اور تکنیکی ذمہ داریوں کا حامل ہوتا ہے۔ اس عہدے پر افسر کی عدم موجودگی سے محکمانہ فائلوں کی منظوری،ترقیاتی امور اور دیگر متعلقہ معاملات کی کارروائی متاثر ہونے کا امکان رہتا ہے، جس کے اثرات بالواسطہ یا بلاواسطہ طور پر عوامی اور سرکاری امور پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں،علاقے کے عوام اور متاثرہ افراد نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مکران میں سپرنٹنڈنٹ انجینئر کی خالی آسامی پر فوری طور پر اہل افسر تعینات کیا جائے تاکہ محکمانہ امور کو معمول کے مطابق چلایا جا سکے اور طویل عرصے سے زیر التوا کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جا سکے،انہوں نے صوبائی حکومت اور محکمہ تعمیرات و مواصلات کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ اس اہم عہدے پر تعیناتی میں مزید تاخیر سے گریز کیا جائے اور متاثرہ افراد کو غیر ضروری انتظار اور دفتری مشکلات سے نجات دلانے کے لیے مو¿ثر اقدامات کیے جائیں۔


