مادری زبان کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے،میرضیالانگو
کوئٹہ :صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ زبان نہ صرف جذبات کے اظہار و خیال کا زریعہ ہے بلکہ اقوام کی شناخت بھی زبان سے ہوتی ہے، مادری زبان کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ زبان کسی بھی قوم کے لیے نہایت اہمیت کی حامل اور اس کی پہچان ہوتی ہے،قومی شناخت اور بیش قیمت تہذیبی و ثقافتی میراث کے طور پر مادری زبانوں کی حیثیت مسلمہ ہے۔مادری زبانوں کے ہر لفظ اور جملے میں قومی روایات،تہذیب و تمدن،ذہنی و روحانی تجربے پیوست ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زبان ایک ایسا سماجی عطیہ ہے جو زمانے کے ساتھ ساتھ ایک نسل سے دوسری نسل کو ملتا رہتا ہے زبان کو مادری اور ثقافتی ورثے کی بقاء اور اس کے فروغ کا سب سے مو?ثر ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ مادری زبان میں دی جانے والی تعلیم بچوں کی ذہنی نشونما پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے،آج کے جدید دور میں مادری زبان کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔


