پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو ہرا دیا

کراچی(انتخاب نیوز) پی ایس ایل کے پانچویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے پانچویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے ہرادیا، پشاور کی ٹیم نے ملتان کا 194 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں پورا کرلیا۔پشاور زلمی کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز امام الحق اور کامران اکمل نے کیا، دونوں اوپنرز نے 57 رنز کی شراکت قائم کی تاہم کامران اکمل 37 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر امام الحق اور ون ڈاؤن آنے والے ٹام کیڈمور نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 76 رنز کی شراکت قائم کی تاہم امام الحق 48 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے جب کہ ٹام کیڈمور نے نصف سنچری مکمل کی اور 53 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ٹام کیڈمور کے آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک اور حیدر علی صرف 14 گیندوں پر 37 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی جب کہ حیدر علی نے صرف 8 گیندوں پر 25 رنز بنائے جس کی بدولت پشاور کی ٹیم نے 19 ویں اوور میں ہدف حاصل کرلیا۔