ہاٹ لائن پر رابطہ کسی بھی عالمی دباؤ پر نہیں ہوا، ترجمان فوج

راولپنڈی :ڈی جی آئی ایس پی آرجنرل بابر افتخار نے واضح کیا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشن کا ہاٹ لائن پر رابطہ کسی بھی عالمی دباؤ پر نہیں بلکہ پاک بھارت کے درمیان پرانے معاہدے پر عملدرآمد کےلیے ہوا ہے۔نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ ڈی جی ملٹری آپریشن ہاٹ لائن ایک پرانا میکنزم ہے جو 1987 سے چل رہا ہے، اس میں دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل معاہدے کے تحت رابطہ کرتے ہیں ، وہ چاہے کوئی ایمرجنسی کی صورتحال ہو یا نارمل حالات۔ انہوں نے کہا کہ 23،24 فروری کی درمیانی شب ہاٹ لائن پر ہونے والا رابطہ کسی خاص موقع کے لیے نہیں تھا بلکہ یہ کنٹرول لائن پر سیز فائر کا پرانا متفقہ معاہدہ چل رہا ہے اس کو مضبوط کرنے کے لیے ہوا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ2003 سے 2013تک سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں بہت کم ہوئی ہیں لیکن 2014 سے اب تک حالات بہت کشیدہ رہے ہیں جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشن نے پرانے معاہدے پر عملدرآمد کو موثر بنانے کےلیے رابطہ کیا ہے جو کہ کسی بھی پریشر کے نتیجے میں نہیں بلکہ شیڈولڈ ہوئی۔ دونوں اطراف میں بسنے والے کشمیری بھائیوں کےہونے والے جانی و مالی نقصان کے باعث معاہدے پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں