کسی بھی ملک وقوم کی ترقی میں خواتین کا کردار ناگزیر ہے، چیئر مین سینٹ
اسلام آباد:چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام کہا ہے کہ کسی بھی ملک وقوم کی ترقی میں خواتین کا کردار ناگزیر ہے، خواتین نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا ہے اور ہر میدان میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کردار ادا کر رہی ہیں، پاکستانی خواتین کی ملکی ترقی میں گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔پاکستانی خواتین نے ثابت کیا ہے کہ وہ کسی بھی شعبہ میں مردوں سے کم نہیں ہیں۔ جدید دور کے تناظر میں ہمیں ایسا ماحول بنانا چاہیے جس سے خواتین کے آگے بڑھنے میں مدد ملے، ہمارے مذہب اسلام میں خواتین کو سب سے زیادہ عزت دی، عورت ماں بھی ہے،بہن اوربیٹی بھی۔زندگی کے ہر روپ میں عورت ایک مقدس مقام اور اہم کردار ادا کرتی ہوئی نظرآتی ہے۔ آج ہمیں فخر کرنا چاہیے کہ ہر میدان میں چاہے وہ کھیل ہو،سیاست ہویا تعلیمی میدان ہو خواتین مردوں کے شانہ بشانہ بلکہ مردوں سے ایک قد م آگے نظر آتی ہیں۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھنے کیلئے مواقع فراہم کرنے کے پیش نظر موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں تاہم اس سلسلے میں مزید کوششوں کی ضرورت ہے تاکہ خواتین کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ روزگار کے برابر مواقوں میسر ہو سکیں اور خواتین آزادی سے اپنے فیصلے کرسکیں۔ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے ملکی ترقی میں خواتین کے کردار اور نمائندگی کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں۔ پاکستان کی پارلیمنٹ نے خواتین کی ترقی کیلئے موثر قانون سازی بھی کی ہے اور سینیٹ آف پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں اہم قانون سازی خواتین کی طرف سے متعارف کرائی گئی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس موقع پر میں قائداعظم محمد علی جناح کے ان سنہری الفاظ کو اپنے اور اس ایوان کیلئے مشعل راہ سمجھتا ہوں جس میں انہوں نے کہا کہ ”کوئی قوم خواتین کو ساتھ لئے بغیر ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتی۔دنیا میں دو طاقتیں ہیں ایک تلوار اور دوسری قلم دونوں کے درمیان مسابقت اور اختلاف ہوتا ہے اور ایک تیسری قوت ہے جو ان دونوں سے مضبوط ہے وہ خواتین ہیں۔“


