ایران امریکی فوجیوں پر حملے کی منصوبہ بندی کررہا ہے، ٹرمپ
واشنگٹن،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبر دار کیا ہے کہ عراق میں موجود امریکی فوجیوں پر حملہ ہوا تو ایران یا اس کے حواریوں کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا ٹاسک فورس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایران سمجھوتہ کرنے کے لیے بے تاب ہے تاہم ایران کے لیے کوئی جوہری ہتھیار نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم طبی ساز و سامان تیار کر رہے ہیں ہمیں نیویارک سے پیار ہے اور نیویارک کی ہر ممکن مدد کریں گے۔امریکی صدر نے کہا کہ دنیا بھر سے امریکہ میں کارگو طیارے ضروری اشیا لے کر آ رہے ہیں جبکہ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے لیے حفاظتی اشیا بھی فراہم کر رہے ہیں۔کورونا وائرس کے حفاظتی انتظامات سے متعلق ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ نیشنل گارڈز کو پورے ملک میں متحرک کر دیا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران اور اس کے حواری عراق میں امریکی فوج اور اس کے اثاثوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، اگر ایسا ہوا تو ایران کو اس کی بڑی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کیا امریکا کے پاس ایسی کوئی انٹیلی جنس معلومات موجود ہیں کہ ایران امریکی فوج یا اس کے اثاثوں پر حملہ کرنے جارہا ہے۔