کوہاٹ،درہ آدم خیل میں کوئلے کی کان میں تودہ گرنے سےایک کان کن جاں بحق،دو دیگر زخمی

کوہاٹ:کوہاٹ کے قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل میں کوئلے کی کان میں تودہ گرنے سے کم از کم ایک کان کن جاں بحق اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق درہ آدم خیل کے علاقیاخوروال میں فردوس کول کمپنی کے کوئلے کی کان نمبر 12 میں اچانک تودہ گرنے کی زد میں آکر ضابط خان ولد گجر خان نامی ایک کان کن جاں بحق جبکہ دو دیگر زخمی یوگئے۔ زخمی کان کنوں میں ظفر علی ولد غلام حسین اور شاہ حسین ولد نور رحمان شامل ہیں جنہیں پشاور منتقل کردیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق کان کن کوئلے کی کان میں کام کررہے تھے کہ اچانک تودہ گرنے سے وہ ملبے تلے آگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق شانگلہ (سوات) سے ہے۔ یاد رہے کہ درہ آدم خیل میں واقع کوئلے کی کانوں میں اکثر حادثات پیش آتے رہتے ہیں جن کے نتیجے میں شانگلہ سے تعلق رکھنے والے متعدد کان کن اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں