چاغی میں کسٹم اہکاروں کی بھتہ خوری نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، صوبائی وزیر محمد عارف
صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر محمدعارف محمدحسنی نے ضلع چاغی میں کسٹم اہلکاروں کے بھتہ خوری اور رشوت ستانی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ وفاقی ادارے نے دالبندین اور نوکنڈی میں قائم چیک پوسٹوں کے ذریعے غریب عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے جو لوگ رشوت نہیں دیتے ان پر کیسز بناکر انھیں ذلیل کیا جاتا ہے. ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بطور عوامی نمائندہ میں اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہوں اگر کسٹم اہلکاروں نے اپنا رویہ نہیں بدلا تو ان کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کریں گے. انہوں نے کہا کہ ضلع چاغی میں مسلسل کوششوں کے بعد پولیس اور لیویز فورس کی رشوت خوری پر کافی حد تک قابو پالیا ہے لیکن اب کسٹمز کے اہلکار لوگوں کے لیے درد سر بنے ہوئے ہیں. انہوں نے زور دیا کہ وفاق میں بیٹھے نمائندے ضلع چاغی میں کسٹمز اہلکاروں کی رشوت ستانی کے خلاف اقدامات اٹھائیں کیونکہ یہ محکمہ وفاقی حکومت کے ماتحت ہے. انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی حد تک ہر ممکن طور پر اس مسئلے کو متعلقہ حکام کے سامنے رکھیں گے اگر پھر بھی مسئلہ حل نہیں ہوا تو عوامی امنگوں کے مطابق کوئی فیصلہ کریں گے


