کوہلو،عیدالفطر کی آمد سے قبل بھکاریوں نے کوہلو شہر میں پڑاؤ ڈال دیا ہے
کوہلو:عیدالفطر کی آمد سے قبل بھکاریوں نے کوہلو شہر میں پڑاؤ ڈال دیا ہے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں پنجاب سندھ و دیگر مقامات سے بھکاریوں نے بڑی تعداد میں کوہلو شہر کا رُخ کرلیا ان بھکاریوں میں عمر رسیدہ مرد و خواتین سمیت بچے وبچیاں شامل ہیں جو کہ صبح سے لیکر شام تک شہر کے اہم شاہراہوں،گلیوں،مارکیٹوں میں ہاتھ اور جھولی پھیلائے ہوئے پھرتے نظر آتے ہیں حقیر اور معصومانہ چہرے بنا کرسادہ لوح لوگوں کو لوٹتے پیشہ ور بھکاریوں نے شہریوں کے ناک میں دم کررکھا ہے شہر کے ملحقہ علاقوں اور گلی محلوں میں بھکاری عورتیں گھروں کے دروازے کھٹکھٹا کر آٹا،چینی،نقدی،کپڑے ودیگر چیزیں مانگتے ہیں دوسرے صوبوں سے آنے والے بھکاریوں کی دیکھا دیکھی و خوب کمائی کو دیکھ کر مقامی بھکاریوں میں بھی آئے روز اضافہ ہورہا ہے جو کسی بھی لمحہ فکریہ سے کم نہیں حکومت وقت باالخصوص ضلعی انتظامیہ عالمی وباء کورونا وائرس کی تیسری لہرکے پیش نظر شہر میں لاک ڈاؤن اورپبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کررہی ہیلیکن مختلف صوبوں سے آنے والے ان بھکاریوں کو سب سے پہلے بیدخلی کا انتظام کیا جائے جو گھر گھر کورونا وائرس سمیت دیگر بیماریوں کے پھیلنے کا سبب بن رہے ہیں عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان پیشہ ور بھکاریوں کو جلد از جلد شہر سے بیدخل کرکے رمضان المبارک کے بابرکت ماہ میں سادہ لوح شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے بچایا جائے اورمستحق افراد جو زکواۃ اور صدقہ و فطرانہ کے مستحق ہیں ان کی حق تلفی ہونے سے بچایا جائے۔


