عیدخوشیوں کا تہوار:شرپسند مذموم کارروائیوں سے باز نہیں آئے، ضیا ء لانگو

کوئٹہ:۔صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر پاکستان بالخصوص صوبہ بلوچستان کی عوام کو دلی عیدمبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالفطر ایک خوشیوں کا تہوار ہے اور مسلمانوں کیلئے رمضان المبارک کے روزے رکھنے کے بعد اللہ تعالیٰ کی جانب سے ایک تحفہ ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عید کے موقع پر ہمیں غریبوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے کئے گئے انتظامات کے پیش نظر تجارتی مراکز میں رونقیں لوٹ آئیں جبکہ شرپسند عناصر اور دہشتگرد اپنی مذموم کارروائیوں سے باز نہیں آئے۔ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ صوبائی حکومت ان عناصر کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے مربوط کارروائی کر رہی ہے اور توقع ہے کہ ایسی قوتوں کو جلد جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا جائے گا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے   کارکنان عید کے تہوار کی خوشیوں میں ضرورتمندوں اور غریب افراد کی ہر ممکن مدد کریں۔ کیونکہ ہماری پارٹی کا منشور بھی غریب عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا تدارک کرنا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عید کے اس پرمسرت موقع پر ہم سب کو ملکر پاکستان باالخصوص صوبہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے عہد کرنا ہوگا۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر دہشتگردی کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی اور ہمدردی کرتے ہوئے شہداء کے بلند درجات کی دُعا کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں