ترین گروپ اور حکومت میں برف پگھل گئی ہے، شیخ رشید
راولپنڈی:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت اور جہانگیر ترین گروپ میں برف پگھل گئی ہے اور ترین گروپ بجٹ میں حکومت کے حق میں ووٹ دے گا، ہفتے سات دن میں بجٹ پاس ہو جائے گا اور پھر سیاست ایک سال تک آگے چلی جائے گی،چوہدری نثار کے حلف اٹھانے سے مجھے عثمان بزدار کیلئے کوئی خطرہ نہیں دکھائی دیتا، راولپنڈی اور اسلام آباد ایک صفحے پر ہیں، اب کوئی خبر نہیں ہوتی تو لوگ یہ خبر چلا دیتے ہیں کہ آپس میں ایک پیج پر نہیں ہیں،6 وفاقی وزرا کی آرمی چیف سے ملاقات کئی ماہ پہلے کی بات ہے اور اس میں وزیراعظم کیلئے کوئی پریشانی کی بات نہیں ہے، سوموار کو پھر وزیراعظم کی ایک اہم ملاقات ہے،رنگ روڈ کوئی اتنا بڑا سکینڈل نہیں جتنا یہ بن گیا ہے یا بنا دیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عثمان بزدار اور عمران خان ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ مجھے عثمان بزدار کے لیے کوئی خطرہ نہیں دکھائی دیتا۔ مجھے وہ عمران خان کی طرح پانچ سال پورے کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ان کا چوہدری نثار علی خان کے حوالے سے مزید کہنا تھا کہ میری چوہدری نثار سے پانچ سال سے بات نہیں ہوئی لیکن اچھا ہے کہ وہ تین سال بعد پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف لینے کا سوچ رہے ہیں۔اس سوال پر کہ کیا اسٹیبلشمنٹ اور حکومت میں کوئی تناؤ ہے؟شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایسی باتوں کی کوئی ٹھوس بنیاد نہیں ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد ایک صفحے پر ہیں۔ اب کوئی خبر نہیں ہوتی تو لوگ یہ خبر چلا دیتے ہیں کہ آپس میں ایک پیج پر نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے حالیہ دورہ سعودی عرب میں ملک کے لیے حساس اجلاسوں میں دونوں شخصیات ایک ساتھ سعودی قیادت سے ملی ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ کا وفاقی وزرا کی آرمی چیف سے ملاقات کے حوالے سے کہنا تھا کہ چھ وفاقی وزرا کی آرمی چیف سے ملاقات کئی ماہ پہلے کی بات ہے اور اس میں وزیراعظم کے لیے کوئی پریشانی کی بات نہیں ہے۔ سوموار کو پھر وزیراعظم کی ایک اہم ملاقات ہے۔راولپنڈی رنگ روڈ سکینڈل کے حوالے سے ایک سوال پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ رنگ روڈ کوئی اتنا بڑا سکینڈل نہیں جتنا یہ بن گیا ہے یا بنا دیا گیا ہے۔ جب موٹر وے بن رہی تھا اس وقت بھی شور تھا کہ 100کلومیٹر زیادہ بن گئی ہے۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس کی تحقیقات ہونی چائیں۔وفاقی وزیر چوہدری غلام سرور اور وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کا نام لیے بغیر ان کا کہنا تھا کہ دیکھیں نا علاقے کے دو بڑے لوگ ہیں تو اردگرد کی زمینیں انہی کی ہوں گی۔شیخ رشید نے کہا کہ اس پر ان کا مزید کچھ کہنا مناسب نہیں کیونکہ بطور وزیر داخلہ ایف آئی اے ان کے ماتحت ہے جو تحقیقات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب، پنجاب اینٹی کرپشن اور ایف آی اے سمیت تین محکمے ایک ساتھ تحقیقات کر رہے ہیں جس کا مطلب ہے جلدی تحقیقات ہو جائیں گئی۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کے حوالے سے وزارت داخلہ کی کمیٹی کابینہ کی منظوری کے بعد 25مئی کو نوٹیفائی ہو جائے گی۔اس کے بعد پھر ایک ماہ کا وقت ہوتا ہے جس میں امید ہے کہ کالعدم جماعت کی قیادت بھی پیش ہو کر اپنا موقف بتائے گی۔ اس کے بعد کمیٹی کا فیصلہ جو بھی ہو گا اس کی منظوری بھی وفاقی کابینہ ہی دے گی۔


