کوئٹہ:(کیسکو)کا تمام سرکاری اورنجی اداروں سے واجبات کی وصولی کیلئے نادہندگان کے بجلی کنکشنز منقطع کرنے کافیصلہ
کوئٹہ:کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)نے تمام سرکاری اورنجی اداروں سے واجبات کی وصولی کیلئے نادہندگان کے بجلی کنکشنز منقطع کرنے کافیصلہ کیاہے اور اس ضمن میں تمام سرکاری و نجی نا دہندگان کو بلوں کی ادائیگی سے متعلق نوٹسز بھی جا ری کئے جاچکے ہیں جس کے بعد موجودہ اور بقایاجات کی عدم ادائیگی پر تمام نا دہندگان کے بجلی کنکشنزبلاتفریق منقطع کئے جائیں گے۔اس سلسلے میں کیسکوکے تمام فیلڈافسران اورملازمین کوسختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صوبہ بھرمیں ناہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھیں۔گزشتہ روز بلوں کے عدم ادائیگی کے سلسلے میں کیسکونے کوئٹہ شہرمیں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای)اور محکمہ واسا کے تمام نادہندہ ٹیوب ویل کنکشنز منقطع کئے گئے جس کے بعد سیکریٹری پی ایچ ای صالح محمد ناصر اور منیجنگ ڈائریکٹر واسا جہانزیب جمالدینی نے کیسکوحکام سے کوئٹہ شہرمیں منقطع کئے گئے ٹیوب ویل کنکشنز کی بحالی اور بقایاجات کی ادائیگی کے لئے ملاقات کی اور ملاقات میں اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی کہ بلوں کی مدمیں محکمہ واسا اور محکمہ پی ایچ ای جلد واجبات اداکردیں گے جس کے بعد کیسکونے کوئٹہ شہرمیں محکمہ واسا اور پی ایچ ای کے تمام منقطع کئے گئے ٹیوب ویل کنکشنز کی بجلی دوبارہ بحال کردی اور اب معمول کے مطابق محکمہ واسا اور پی ایچ ای کے تمام کنکشنز کو بجلی کی فراہمی جاری ہے۔واضح رہے کہ اس وقت صرف کوئٹہ شہرمیں محکمہ واسا کے تمام کنکشنز کے ذمہ تقریباایک ارب روپے جبکہ محکمہ پی ایچ ای کے کنکشنز کے ذمہ تقریباً 49کروڑروپے واجب الاداہے۔صوبہ میں موجود زرعی کنکشنز یعنی زمینداروں کی جانب سے بقایاجات جمع نہ کرنے کی وجہ سے کیسکوکی مالی مشکلات میں اضافہ ہوتاجارہاہے جس کی وجہ سے صوبہ میں بجلی کے جاری ترقیاتی منصوبے بھی بروقت مکمل کرنے میں بھی مشکلات پیش آنے کے علاوہ دیگرتمام صارفین کے لئے لوڈشیڈنگ جیسے کئی مسائل بھی پیداہورہے ہیں۔چونکہ کیسکوبجلی خریدنے اوربیچنے والی ایک کمپنی ہے لہٰذابغیرادائیگی کے کسی بھی صارف کو بجلی فراہم نہیں کرسکتی۔صارفین کوبجلی فراہم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ کیسکوخریدی گئی بجلی کی بروقت ادائیگی کرے جو صرف اورصرف تمام صارفین کی جانب سے بلوں کی ادائیگی کی صورت میں ہی ممکن ہے۔اسی لئے کیسکو تمام نادہندہ صارفین خصوصاً زرعی،صنعتی، کمرشل، گھریلو، سرکاری اور غیر سرکاری صارفین سے اپیل کر تی ہے کہ وہ اپنے بل مقررہ وقت پر اداکرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ذمے تمام واجب الادابقایاجات بھی فوری طورپراداکریں بصورت دیگر کیسکواُن تمام نادہندگاان کے کنکشنزبلاتفریق منقطع کرے گی اوراُن کے کسی زحمت پر ذمہ دارنہیں ہوگی۔


