چیئرمین جہانگیر منظور بلوچ کے زیرصدارت بی ایس او کی کابینہ کا آن لائن اجلاس منعقد
بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی مرکزی کابینہ کا آن لائن اجلاس زیرصدارت مرکزی چئیرمین جہانگیرمنظوربلوچ منعقد ہوا جس کی کاروائی سیکریٹری جنرل عظیم بلوچ نے چلائی۔اجلاس میں تنظیمی امور،طلباء سیاست،بلوچستان کے تعلیمی و سیاسی صورتحال اور آئندہ لائحہ عمل پر گفتگو کی گئی۔
مرکزی کابینہ کے اجلاس میں عہدیداران نے سینٹرل کمیٹی میں کئے گئے فیصلوں پر روشنی ڈالتے ہوئے تنظیمی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانے،تعلیمی اداروں میں طلباء کے درمیان سیاسی مباحثے کی فروغ اور تعلیمی مسائل پر طلباء کی سیاسی تحریک چلانے پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وباء کے دوران جہاں فزیکل کلاسز نہ ہونے سے طلباء کی نصابی سرگرمیاں متاثر ہیں جبکہ دوسری طرف حکومتی منصوبہ بندی اور تعلیمی پلاننگ نہ ہونے سے امتحانات بھی تعطل کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی وباء کی وجہ سے جس طرح دوسرے شعبے متاثر ہیں اسی طرح تعلیم کو بھی انتہائی متاثر کیا ہے۔بلوچستان کے بیشتراضلاع میں انٹرنیٹ کی سہولت میسر نہ ہونے سے ملک کے مختلف جامعات میں زیرتعلیم طلباء کو آئن لائن کلاسز لینے میں مشکلات پیش آرہے ہیں ۔جامعات میں تدریسی عمل بند ہونے سے طلباء کے سمسٹرامتحانات بھی متاثر ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بی ایس او بلوچ طلباء کہ تعلیمی و سیاسی مسائل کی حل کیلئے ہمہ وقت جدوجہدعمل میں ہے۔بحیثیت طلباء تنظیم بلوچستان میں تعلیمی مسائل کے ساتھ ساتھ نوجوانوں میں سیاسی سوچ کی بیداری ہماری ذمہ داری ہے۔
کابینہ میں سینٹرل کمیٹی کے فیصلوں کا جائزہ لیاگیا اور تنظیمی سرگرمیوں کو مزید تیزکرنے پراتفاق کرتے ہوئے مختلف فیصلے کیے گئے جس میں تمام یونٹس اور زونوں میں ممبرسازی مہم شروع کرکے جنرل باڈی منعقدکرانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں آئینی کمیٹی،تنظیمی آرگن کمیٹی اور دیگرمسائل پر تشکیل دئے گئے کمیٹیوں کے کاموں کا جائزہ لیکر آئندہ سینٹرل کمیٹی اجلاس میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شیڈول کے مطابق ترتیب پانے والے دورہ کمیٹیاں جلد از جلد تمام زونوں کا دورہ کرکے جنرل باڈی منعقد کرائیں۔
اجلاس میں تمام زونوں کو تاکید کی گئی کہ 6جون کو شہیدچئیرمین منظوربلوچ کی برسی اور 14جون کو تنظیم کے سابق انفارمیشن سیکریٹری ناصربلوچ کی چہلم کے حوالے سے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کریں۔ جبکہ 11جون کو مرکزی سطح پر شال پر شہیدحمید ڈے کا پروگرام منعقد کیا جائے گا۔


