این ایف سی ایوارڈ بھیک نہیں حق ہے، نوازشریف

ویب ڈیسک : مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت فنڈز دیے جانے چاہئیں۔لاہور میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پارٹی رہنماو¿ں سے خطاب میں نواز شریف کا کہنا تھاکہ انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم کیلئے میرٹ کا نفاذ بہت ضروری ہے، پاکستان کے قومی الیکشن ہوں یا کسی صوبے کے ہم نے میرٹ پر کبھی سمجھوتا نہیں کیا، پرانے ساتھیوں کو میرٹ پرٹکٹ دیا جائے۔نواز شریف نے کہا کہ ہم نے صوبوں میں جو سرمایہ کاری کی ہے اس کے مقابلے میں این ایف سی ایوارڈ بھی پیچھے رہ جائے گا، صوبوں کے بجائے این ایف سی ایوارڈ کا مطالبہ وفاقی حکومت کو خود کرنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں وفاق پیسے دے بھی تو ٹھیک طریقے سےخرچ نہیں ہوتے، این ایف سی ایوارڈ کے پیسوں کے استعمال کا ادراک بھی ہونا چاہیے، این ایف سی ایوارڈ بھیک نہیں ہے یہ تو حق ہے۔انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت فنڈز ملنے چاہئیں، وزیراعظم سے کہوں گا کہ جی بی ،آزاد کشمیر کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت فنڈز دیے جائیں۔نواز شریف کا کہنا تھاکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں رائے عامہ بہتر لگتی ہے، فضا اچھی ہے اس لیے انتخابات میں نتیجہ بھی اچھا آنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب منصوبے نے پنجاب کو ترقی یافتہ صوبہ بنا دیا ہے، پنجاب میں امن و امان کا معاملہ بھی بہت بہتر ہے، پنجاب بھر میں اسپتالوں کا جال بچھایا جا رہا ہے، خیبر پختونخوا اور دیگر صوبوں کے مریض پنجاب میں علاج کیلئے آ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں