سعودی عرب کے بعد اومان نے بھی سینکڑوں قیدیوں کی رہائی کا اعلان کر دیا

مسقط: سعودی مملکت میں کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد اب تک ہزاروں قیدیوں کو رہا کیا جا چکا ہے۔ جس کا مقصد معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کو کورونا کی وبا سے محفوظ رکھنا ہے۔ سعودی عرب کے بعد اب خلیجی ریاست اومان کی جانب سے بھی سینکڑوں قیدیوں کی رہائی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اومان ٹائمز کے مطابق ریاست کے فرمانروا سلطان ھیثم بن طارق السعید نے 599قیدیوں کی رہائی کا فرمان جاری کر دیا ہے۔ان قیدیوں میں سے 223 اومانی باشندے ہیں جبکہ 376 کا تعلق پاکستان سمیت دیگر ممالک سے ہے۔ اومان ٹائمز کے مطابق ہر سال رمضان المبارک سے قبل اومانی فرمانروا سینکڑوں قیدیوں کی رہائی کا حکم دیتے ہیں، تاہم اس بار امکان یہی ہے کہ رمضان سے دو ہفتے قبل قیدیوں کی اس رہائی کا تعلق کورونا وائرس کی وبا سے ہے، جس کا مقصد قیدیوں میں وبا کو پھیلنے سے روکنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں