بلوچستان میں خواتین کو اسلامی شعار اور قبائلی عزت و احترام تقدس حاصل ہے، احمد نواز بلوچ

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے صدر کوئٹہ رکن صو بائی اسمبلی میر احمد نواز بلوچ نے مستونگ کے علاقے دشت بابا میں خواتین اساتذہ کی اسکول وین پر فائرنگ کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے اسے بلوچستان کی قبائلی و معاشرتی روایات کے منافی اور قابل مذمت عمل قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ خواتین پر ایسے حملے معاشرتی پستی کی علامت ہیں بی این پی ضلع کوئٹہ کے سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں رکن بلوچستان اسمبلی میر احمد نواز بلوچ نے کہا کہ بلوچستان ایک ایسا صوبہ ہے جہاں خواتین کو اسلامی شعار اور قبائلی عزت و احترام تقدس حاصل ہے لیکن چند ناعاقبت اندیش بلوچستان کے مہذب ثقافت کو روندنا چاہتے ہیں جسکی ہم قطعی اجازت نہیں دیں گے بلخصوص وہ خواتین جو ملک و ملت کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں انہیں تحفظ دینا اور انکے بنیادی حقوق کی پاسداری ریاست کی ذمہ داری ہے بلوچستان نیشنل پارٹی ایسے کسی بھی پرتشدد اقدام کی پرزور مذمت کرتی ہے جس میں خواتین کے حقوق کی پائمالی کی جاتی ہو ایسے واقعات کی روک تھام انتہائی ضروری ہے تاکہ ہماری مائیں بہنیں بیٹیاں عزت و احترام سے معاشرے کی بہتری میں اپنا کردار ادا کر سکیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ مستونگ انتظامیہ مذکورہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے انہیں بے نقاب کرے میر احمد نواز بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کی قبائلی روایات اور رسم و رواج میں خواتین کو جو عزت و احترام حاصل ہے اس کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا درس و تدریس سمیت مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دینے والی خواتین کو مکمل تحفظ کی فراہمی یقینی بناکر حکومت اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں