سینیٹر عثمان کاکڑ کی وفات پر انجمن تاجران کی جانب سے کل مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان
کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری وصوبائی صدر سابق سینیٹرعثمان خان کاکڑ کی وفات پر آج مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کی جانب سے مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال ہوگی۔اس سلسلے میں مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید عبدالخالق آغا نے بتایاکہ جمہوریت کے فروغ، قوموں کی برابری اور تاجر برادری کے مسائل سیاسی و شعوری بیداری کیلئے عثمان خان کاکڑ کی خدمات کو ہمیشہ یادرکھا جائے گا۔ انہوں نے سینٹ آف پاکستان میں مظلوم اقوام کے ساتھ تاجر برادری کی بھر پور نمائندگی کی ان کی وفات سے مظلوم اقوام اور تاجربرادری ایک بہترین لیڈر سے محروم ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان خان کاکڑ کی شہادت سے بلوچستان میں غم پایا جاتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی ان کے لواحقین کو صبرجمیل اور اس صدمے کو برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان خان کاکڑکی شہادت کے سوگ میں آج بروز بدھ 23 جون کو کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں شٹرڈاؤن کیاجائے گا۔انہوں نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ بدھ کوا پنا کاروبار بند رکھیں اور عثمان خان کاکڑکے جنازے میں بھر پورشرکت کریں۔


