امریکا: کورونا سے 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 108 افراد ہلاک، تعداد 18 ہزار ہوگئی
واشنگٹن: امریکا میں کورونا سے 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 108 افراد ہلاک ہوگئے، مرنے والوں کی تعداد 18 ہزار 747 ہوگئی، وائرس کے شکار افراد کی تعداد 5 لاکھ2 ہزار 876 تک جا پہنچی۔5 لاکھ سے زائد امریکی شہری کورونا میں مبتلا ہوگئے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا 2 ہزار 108 امریکی شہریوں کو نگل گیا۔ کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 18,747 ہوچکی ہے۔نیویارک میں کورونا نے سب سے زیادہ تباہی پھیلائی، جہاں 7884 افراد ہلاک اور 1 لاکھ 74 ہزار 481 افراد کورونا کا شکار ہیں۔ نیویارک میں گھروں میں اموات میں 8 گنا اضافہ دیکھاگیا ہے۔ نیویارک میں لوگوں کو اجتماعی قبروں میں دفنایا جا رہا ہے، میئر کے مطابق یہ بہت ہی بھیانک صورتحال ہے۔ مرنے والوں کے لواحقین ان کی میتیں لینے سے انکار کر رہے ہیں۔نیوجرسی میں 54 ہزار 588 مریض سامنے آئے ہیں۔ واؤمنگ امریکا کی واحد ریاست ہے جہاں اب تک کورونا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انسانی زندگیاں بچانے کے لیے بہت زیادہ پیش رفت دیکھی ہے۔ انہوں نے کہا امریکا میں اموات ایک لاکھ سے کہیں کم ہوں گی۔