بہتر حکمت عملی نہ اپناتے تو ہلاکتوں کی تعداد 22لاکھ تک پہنچ سکتی تھی، ٹرمپ
واشنگٹن:امریکہ صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ہم کچھ نہ کرتے تو ہلاکتیں 22 لاکھ تک جا سکتی تھی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حکومت کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جارحانہ حکمت عملی کے باعث لا تعداد جانیں بچ رہی ہیں انہوں نے کہا کہ زندگیاں بچانے کیلئے پیشرفت دیکھی گئی ہے۔ امریکی صدرکا کہنا تھا کہ امریکہ میں ہلاکتیں ایک لاکھ سے کم ہی رہے گی۔دنیا بھر میں میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔ امریکہ ایک دن میں دو ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کرنے والا پہلا ملک بن گیا۔ امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 8 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس روزانہ کی بنیاد پر ایک ہزار سے زائد ہلاکتوں کا دوسرا ہفتہ جاری ہے۔جون ہوپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں امریکہ میں 2 ہزار 8 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جو کہ اب تک ہونے کی والی کسی بھی ملک میں یومیہ اموات سے زیادہ ہے۔اس سے قبل مسلسل گزشتہ دو روز سے امریکہ میں 1900 سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی تھیں۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دنیا میں کورونا سے ہونے والی اموات میں شدت ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے ہونے والی اموات اور کیسز سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے عالمی میٹر کے مطابق امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کرنے والے ممالک میں فرانس دوسرے نمبر پر آتا ہے جہاں کورونا کے 987 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔