کینیڈا میں مسلح افراد کا مسلمان شخص پر حملہ، داڑھی کاٹ دی

اوٹاوا: کینیڈا کے علاقے سسکاٹون میں دو سفید فام افراد نے پاکستانی شخص پر چاقو سے حملہ کردیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، سسکاٹون میں دو سفید فام افراد افراد نے پاکستانی شخص پر چاقو سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں محمد کاشف شدید زخمی ہوگیا۔پاکستانی نژاد محمد کاشف کے بازو پر گہرے زخم آئے اور 14 ٹانکے لگے، حملے کے دوران متاثرہ شخص کی داڑھی بھی کاٹ دی گئی۔انہوں نے بتایا کہ حملہ آور ان پر نفرت انگیز جملے بھی کستے رہے، ان کے ہاتھ میں تیز دھار آلہ تھا جس سے حملہ کیا گیا۔محمد کاشف کے مطابق حملہ آور مغلظات بکتے رہے اور کہا کہ تم یہاں کیا کررہے ہو تم اپنے ملک واپس چلے جاؤ۔کینیڈین پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔سسکاٹون کے میئر کا کہنا تھاکہ واقعے پر صدمے میں ہیں، نسل پرستی، اسلاموفوبیا یا کسی بھی قسم کے امتیازی سلوک کے خلاف تحقیقات اور ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں