کرونا لاک ڈاؤن، تربت میں دکانوں کی بندش پر انتظامیہ وتاجروں میں آنکھ مچولی
تربت (نمائندہ انتخاب) کرونا کی بڑھتی شدت کے باعث انتظامیہ کی جانب سے تربت شہرمیں لاک ڈاؤن، انجمن تاجران کی جانب سے لاک ڈاؤن مسترد، دن بھر انتظامیہ اورتاجران کے درمیان دکانوں کی بندش پر آنکھ مچولی جاری، کرونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کررہے ہیں، عیدالاضحی کے قریب دکاندار لاک ڈاؤن کے متحمل نہیں ہوسکتے،انجمن تاجران، انتظامیہ کی جانب سے کرونا کی بڑھتی شرح کے پیش نظر منگل کے روزتربت شہرمیں کرونا لاک ڈاؤن کا نفاذکیاگیا، منگل کو انتظامیہ کی جانب سے دکانیں بندکی گئیں جسے انجمن تاجران تربت نے مستردکرتے ہوئے دکانیں کھول دیں، جس کے بعدکچھ دیر بعد انتظامیہ کی جانب سے دوبارہ دوکانیں بندکرائی گئیں مگردوکانداروں نے کچھ دیربعد پھر شٹر اوپر کردئیے، دوپہرکے وقت ایک بارپھر انتظامیہ حرکت میں آگئی اور شہرمیں دوکانیں بندکرادیں مگر تاجروں نے دکانیں بندکرنے سے انکار کیا، انجمن تاجران تربت کے صدر حاجی کریم بخش نے بتایاکہ ملک بھرمیں کرونا کی شدت کم سے کم ہوتی جارہی ہے،حکومت خودکرونا میں کمی کے اعلانات کررہی ہے اور کسی بھی بڑے شہرمیں کرونا لاک ڈاؤن کی اطلاع نہیں، صرف تربت میں لاک ڈاؤن سمجھ سے بالاترہے، عیدالاضحی قریب ہے دکانداروں نے عیدکی امیدپر لاکھوں روپے کے سامان لاکر دوکانوں میں رکھ دئیے ہیں، انجمن تاجران نے اس سلسلے میں گزشتہ دنوں ڈی سی کیچ سے ملاقات کی تھی اور لاک ڈاؤن کے بغیر کرونا ایس اوپیز پرعملدرآمد کے سلسلے میں ہرممکن تعاون کایقین دلایا جس پر انہوں نے ہمیں کہاتھاکہ لاک ڈاؤن کے فیصلہ سے قبل انجمن تاجران کو اعتمادمیں لیاجائے گاتاہم یکطرفہ طورپر لاک ڈاؤن کا نفاذ کسی صورت قبول نہیں، انہوں نے کہاکہ دکاندار کرونا ویکسین لگوارہے ہیں، ماسک، سینیٹائز ر وغیرہ استعمال کررہے ہیں، شہرمیں کرونا کی شرح اتنی بھی نہیں کہ لاک ڈاؤن کی نوبت آئے، دوکانداروں کو کرونا کے نام پر ہراساں وپریشان کیاجارہاہے۔


