افغانستان، 20 افغان قیدیوں کی رہا کیا جائیگا، طالبان کا اعلان
کابل/دوحہ:طالبان کا کہنا ہے کہ جنوبی افغانستان کے شہر قندھار میں 20 قیدیوں کو رہا کیا جائے گا،قیدیوں کو ریڈ کراس کے نمائندگان کے حوالے کیا جائے گا،افغان حکومت کے اقدامات نا کافی ہیں، مذاکرات مزید اقدامات دیکھتے ہوئے بحال کئے جائیں گے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق طالبان کی جانب سے اس اعلان کو گذشتہ ہفتے بے نتیجہ مذاکرات کے بعد ایک بڑی پیش رفت کو طور پر دیکھا جارہا ہے۔ فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے اپنی ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ ‘اتوار کو کابل انتظامیہ کے 20 قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔انہوں نے مزید لکھا کہ ان قیدیوں کو ریڈ کراس کے نمائندگان کے حوالے کیا جائے گا لیکن افغان حکومت کیجانب سے اٹھائے گئے اقدامات نا کافی ہیں۔طالبان کی جانب سے یہ اعلان افغان حکومت کی جانب سے متعدد طالبان قیدیوں کی رہائی کے بعد سامنے آیا ہے۔ افغان حکومت نے جمعرات کو مزید 100 طالبان قیدیوں کو رہا کیا تھا۔ اس سے قبل صدر اشرف غنی کی انتظامیہ نے بدھ کو 100 ایسے طالبان قیدیوں کو رہا کیا تھا جو امن کے لیے بڑا خطرہ نہیں اور جنہوں نے جنگ کے میدان میں دوبارہ واپسی نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ واشنگٹن نے رواں سال فروری میں طالبان کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت افغانستان سے امریکی فوج کا انخلا یقینی بنایا جائے گا۔دوحہ میں امریکہ اور طالبان میں ہونے والے معاہدے میں طے پایا تھا کہ افغان حکومت طالبان کے 5000 قیدی رہا کرے گی جب کہ اس کے بدلے میں طالبان افغان سکیورٹی فورسز کے 1000 قیدی رہا کریں گے۔