عثمان کاکڑ کی فکر،قربانی اور جدوجہد مشعل راہ ہیں،پشتونخواملی عوامی پارٹی
پشین: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ شہید عثمان خان کاکڑ کی فکر،قربانی اور جدوجہد مشعل راہ ہیں، ان کی تاریخ ساز جدوجہد اور قومی خدمات ناقابل فراموش ہیں،پارٹی کے عہدیدار اور کارکن شہید عثمان خان کاکڑ کی شہادت کے عظیم سانحہ کے خلاف احتجاجی تحریک کے مظاہروں اور جلسوں کی ہر سطح پر تیاری تیز کریں۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان، ضلعی ڈپٹی سیکرٹری حاجی عبدالحق ابدال، علاقائی سیکرٹری محمد اعظم، کلیم اللہ، ضلعی کمیٹی کے رکن خلیل احمد ترین، کاکا شفیع، سابق ڈسٹرکٹ کونسل ممبر عبدالرحمن، محمد ہاشم اور سید عبداللہ جان آغا نے کلی سیمزئی، کلی منزکی اور کلی ڈب خانزئی میں تعزیتی اجتماعات اور پارٹی اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاسوں میں ضلع پشین کے احتجاجی مظاہرے اور جلسہ عام کی تیاریوں کیلئے مختلف فیصلے کیئے گئے۔ مقررین نے کہا کہ شہید عثمان خان کاکڑ کی شہادت کا عظیم سانحہ استعماری قوتوں کے حملہ اور سازش کا نتیجہ ہے اور اس کا مقصد پشتون قومی تحریک بالخصوص پشتونخوامیپ کو اپنے اصولی اور جمہوری سیاست اور ان کے قومی اہداف سے دستبردار کرنے کی ناکام کوشش ہے پشتونخوامیپ نے خان شہید کے وقت سے جس اصولی سیاست اور جدوجہد کی شروعات کی ہے آج وہ بیانیہ ملک کے تمام سیاسی جمہوری قوتوں کا بیانیہ ہے۔ اور ملک میں حقیقی جمہوریت کا قیام شفاف انتخابات آئین وقانون کی حکمرانی، پارلیمنٹ کی بالادستی،قوموں کی برابری اور سیاست میں آمریت نواز قوتوں کی مداخلت کا خاتمہ ہی ملک کے بحرانوں کا حل ہے۔


