صارفین کوبہتر سہولیات اورمستحکم وولٹیج کیساتھ بلاتعطل بجلی کی فراہمی کیلئے مختلف منصوبوں پر کام جا ری ہے، کیسکو
کوئٹہ:کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) اپنے صارفین کوبہتر سہولیات کی فراہمی اورمستحکم وولٹیج کے ساتھ بلاتعطل بجلی کی فراہمی کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے۔اس سلسلے میں صارفین کی مشکلات کو مدنظررکھتے ہوئے کوئٹہ شہرمیں اوورلوڈڈ فیڈروں کی بائی فرکیشن کے مختلف منصوبوں پرکام جاری ہے جن میں سے کچھ فیڈروں کی بائی فرکیشن کاکام مکمل کرکے اسے دو حصوں میں تقسیم کیاگیاہے جبکہ دیگر اوورلوڈ فیڈروں کی بائی فرکیشن کاکام بھی جلد مکمل کرلیاجائے گا۔ چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئر محمدعارف کی خصوصی ہدایات پرکیسکوکے شعبہ کنسٹرکشن(آرای ڈی) کی ٹیمیں کوئٹہ شہرمیں متعدد فیڈروں کی بائی فرکیشن کاکام مکمل کرچکی ہے جن میں 11کے وی عالم خان، نواں کلی،عمر،کچلاک- i،چشمہ اور پینگو فیڈرز شامل ہیں۔ نئے تنصیب شدہ فیڈروں کو شالکوٹ، صاحبزاد ہ کاریز اور نواں کلی بائی پاس فیڈروں کانام دینے کے بعد باقاعدہ طورپر انرجائز بھی کردیاگیاہے۔ کیسکوکے کنسٹرکشن کی ٹیم نے شب و روز محنت اور انتہائی مختصر مدت میں مذکورہ کام مکمل کیاہے اورنئے فیڈروں کی تنصیب کے بعد کوئٹہ شہرکے عالموچوک، ائیرپورٹ روڈ،جناح ٹاون،کلی شابو،کلی گل محمد، کلی الماس اور نواں کلی سے منسلک آبادی کے تمام صارفین کو اب مستحکم وولٹیج کے ساتھ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایاجاسکے گا۔ان تکمیل شدہ منصوبوں پر مجموعی طورپرتقریباً9کروڑ روپے لاگت آئی ہے جسے کیسکونے اپنے ذاتی ترقیاتی فنڈزسے مکمل کرلیاہے۔مزید برآں کوئٹہ شہرمیں دیگراوورلوڈڈفیڈروں کی بائی فرکیشن پربھی تیزی سے کام جاری ہے جن میں 11کے وی اولڈسمنگلی، شاہنواز، ہزارہ ٹاؤن، سیٹلائٹ ٹاؤن،اولڈپشتون آباد،سعد اللہ،کرانی، نیوپشتون آباد اوراولڈلک پاس فیڈرزشامل ہیں جن کی بائی فرکیشن کاکام بھی جلدمکمل کرلیاجائے گا۔بلاشبہ ان منصوبوں کی تکمیل سے متعلقہ فیڈروں سے منسلک تمام علاقوں کے صارفین کو وولٹیج کی کمی بیشی جیسے مسائل میں نمایاں ریلیف ملنے کے ساتھ ساتھ اُنہیں مستحکم وولٹیج کے ساتھ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایاجاسکے گا۔


