صوبائی حکومت درست سمت میں گامزن، وسیع تر مفاد میں اپوزیشن جام کمال کو سپورٹ کرے، کریم نوشیروانی

کوئٹہ:بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں صوبائی حکومت درست سمت میں گامزن ہے اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ صوبے کے وسیع تر مفاد میں وزیراعلیٰ کو سپورٹ کرے ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے سے کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا،بلوچستان کو فنڈز رقبے کے لحاظ سے ملنے چاہیئں۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ جام کمال خان نے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کا وژن دیا ہے اس کی تکمیل سے بلوچستان میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا اور صوبے میں معاشی اور معاشرتی بہتری نظر آئیگی انہوں نے کہا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے جس میں ترقیاتی مد میں اخراجات دیگر علاقوں کی نسبت بہت زیادہ ہیں صوبے میں منتشر آبادی ہونے کی وجہ سے بھی بہت سے علاقے آج بھی ترقی سے محروم ہیں انہوں نے تجویز دی کہ بلوچستان اسمبلی سے صوبے کو وفاق کی جانب سے ملنے والے فنڈز علاقوں کے حساب اور تناسب سے دئیے جائیں تاکہ بلوچستان کے ہر علاقے کو ترقیاتی فنڈز میں حصہ میسر آئے قرارداد کی منظور ی کی بعد وفاق سے اس متعلق سنجیدیگی سے بات چیت کی جائے تاکہ بلوچستان کی ترقی کو ممکن بنا یا جا سکے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی قیادت میں حکومت درست سمت میں گامزن ہے ملکی معاشی حالات اس بات کی اجازت نہیں دیتے کہ آئے روز انتخابات کروائے جائیں اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ بھی وزیراعلیٰ جام کمال خان کو سپورٹ کرے اور انکے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے یہی صوبے اور ملک کے مفاد میں بہترین اقدام ہوگا انہوں نے کہا جمہوریت میں عوام پانچ سال کے لئے حکومت کو منتخب کرتے ہیں اور جسے بھی عوام نے مینڈیٹ دیا ہے اسے اپنی حکومتی مدت مکمل کرنی چاہیے تا کہ ملک میں جمہوری نظام مضبوط ہو اور ہر حکومت کو کارکردگی دیکھانے کے لئے مکمل پانچ سال کا عرصہ مل سکے

اپنا تبصرہ بھیجیں