بیرونی ممالک میں 39748 پاکستانی وطن واپسی کے منتظر،1640 کو واپس لایا گیا،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد:و زیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 1640 پاکستانیوں کو 12 خصوصی فلائیٹس کے ذریعے واپس لایا گیا،اس وقت تک 39748 پاکستانی بیرونی ممالک میں وطن واپسی کے منتظر ہیں،تبلیغی جماعت سے وابستہ2248پاکستانی، وطن واپسی کے منتظر ہیں جو اس وقت انڈونیشیا، کینیا یوگنڈا، اور سوڈان میں موجود ہیں،اگلا مرحلہ (آج) منگل سے شروع ہو رہا ہے جنہیں 9 پروازوں سے لایا جائے گا،صوبوں نے ائیر پورٹ کھولنے پر آمادگی کا اظہار کر دیا ہے،ہم 14 اپریل سے شروع ہونے والے آپریشن میں زیادہ پاکستانیوں کو لا سکیں گے۔پیر کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ میں منعقدہ خصوصی کمیٹی برائے کرونا وبا کے دوسرے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہؤے کہاکہ شہریار آفریدی صاحب نے سب کمیٹی کی مفصل رپورٹ ہمارے سامنے رکھی ہے،اس وقت تک 39748 پاکستانی بیرونی ممالک میں وطن واپسی کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات میں بہت سے ایسے پاکستانی وطن واپسی کے منتظر ہیں جو اس وبا کی وجہ سے روزگار سے محروم ہو چکے ہیں اب تک 1640 پاکستانیوں کو 12 خصوصی فلائیٹس کے ذریعے واپس لایا گیا ہے،ان 1640 مسافروں میں سے ترکی سے آنیوالے 22 مسافر اور چھ دوسری فلائٹس سے کرونا مثبت آئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تبلیغی جماعت سے وابستہ2248پاکستانی، وطن واپسی کے منتظر ہیں جو اس وقت انڈونیشیا، کینیا یوگنڈا، اور سوڈان میں موجود ہیں،اگلا مرحلہ (آج) منگل سے شروع ہو رہا ہے جنہیں 9 پروازوں سے لایا جائے گا،ان میں بیرون ممالک میں مقید پاکستانی بھی شامل ہیں،یہ تعداد بڑھ سکتی تھی لیکن صوبے ایئر پورٹس کھولنے پر آمادہ نہیں تھے تاہم اب صوبوں نے آمادگی کا اظہار کر دیا ہے اس لئے ہم 14 اپریل سے شروع ہونے والے آپریشن میں زیادہ پاکستانیوں کو لا سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ اور کینیڈا میں مقیم پاکستانی بھی واپس آنا چاہتے ہیں طلباء واپس آنا چاہتے ہیں لہذا یہ 40ہزار کی تعداد بڑھ سکتی ہے،ہمیں تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے لائحہ عمل اپنانا ہو گا،وزارت خارجہ، اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے دنیا بھر میں سفارت خانے نامساعد حالات کے باوجود، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا بھرپور خیال رکھ رہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے درخواست کروں گا کہ آپ اس صورت حال کے پیش نظر تحمل کا مظاہرہ کریں آپ کو وطن واپس لانا ہماری ذمہ داری ہے اور ہم انشاء اللہ اس ضمن میں ہر ممکنہ اقدام اٹھائیں گے،نیپال میں ہمارے 14 پاکستانی جبکہ مالدیپ میں 04 پاکستانی واپسی کے منتظر ہیں انہیں ایک جگہ، ایک اسٹیشن پر اکٹھا کر کے، واپس لائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ یہ عالمی وبا ہے امریکہ اور یورپ کی صورت حال آپ کے سامنے ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں