بھارت کی ایران کے راستے افغانستان کو امدادی سامان کی ترسیل

نئی دہلی:بھارت نے امدادی سامان سے لدا بحری جہاز ایرانی بندر گاہ چاہ بہار کے ذریعے افغانستان کے لیے روانہ کر دیا ہے۔امدادی سامان میں گندم کے علاوہ کرونا وائرس کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی اینٹی ملیریا ادویات بھی شامل ہیں۔بھارتی اخبار کے مطابق بھارتی بحری جہاز امدادی سامان لے کر بھارتی بندر گاہ ‘کنڈلا’ سے ایران کی بندر گاہ چاہ بہار کے لیے روانہ ہوا۔رواں سال فروری میں ایران کی طرف سے بھارت پر دہلی میں ہونے والے ہنگاموں پر کی جانے والی تنقید کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ بھارت، ایرانی بندر گاہ کا استعمال کر رہا ہے۔افغان دارالحکومت کابل میں قائم بھارتی سفارت خانے کی سوشل میڈیا پوسٹ کے مطابق بھارت کی طرف سے افغانستان کو 75000 میٹرک ٹن گندم تحفتاً دی گئی ہے۔ جس کی پہلی کھیپ میں 5022 میٹرک ٹن گندم 251 کنٹینرز کے ذریعے افغانستان پہنچ رہی ہے۔بھارت کی طرف سے افغانستان کو ہائیڈروآکسی کلوروکوئین کی پانچ لاکھ گولیاں بھی دی جا رہی ہیں۔ جو کہ کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔بھارت کی طرف سے یہ اقدام بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جنوبی ایشیائی رہنماؤں کے ساتھ ہونے والی ویڈیو کانفرنس کے ایک ماہ بعد سامنے آیا ہے۔ جس میں سارک ممالک میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مشترکہ اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا۔اخبار کے مطابق بھارت کی طرف سے چاہ بہار بندر گاہ کے استعمال سے متعلق ایرانی سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ ایران نے امریکی پابندیوں کو شکست دینے کے لیے بین الاقوامی برادری سے مدد طلب کی ہے۔ اس حوالے سے ایران کے صدر حسن روحانی کی طرف سے 13 مارچ کو بھارت کو ایک خط بھی تحریر کیا تھا۔ جس کا بھارت نے تاحال کوئی جواب نہیں دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں