افغانستان میں امن پاکستان کا بیانیہ ہے، آرمی چیف

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن پاکستان کا بیانیہ ہے، پاکستان اور افغانستان کا امن ایک دوسرے سے وابستہ ہے،میڈیا پاکستان اور افغانستان کے عوام کے مابین رابطوں کے فروغ اور سازگار ماحول پیدا کرنے کے لئے پل کا کام کرسکتا ہے، امن دشمنوں کو پہچاننا اور شکست دینا میڈیا اور عوام کی ذمہ داری ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق افغان میڈیا کے15رکنی وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ میڈیا دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی معاشرتی اور عوامی رابطوں کے فروغ اور سازگار ماحول پیدا کرنے کے لئے پل کا کام کرسکتا ہے، آرمی چیف نے کہا کہ امن دشمنوں کو پہچاننا اور شکست دینا میڈیا اور عوام کی ذمہ داری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کی دیرینہ خواہش اور بیانیہ ہے کیونکہ دونوں ممالک کا امن باہم جڑا ہوا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ امن دشمنوں کو امن عمل کو سبو تاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،پاکستان کی جامع بارڈر مینجمنٹ کا ذکر کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک علاقائی روابط سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمرجاوید باجوہ نے افغان صحافیوں کے وفد سے بات چیت میں کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن سے خطے میں ترقی ہوگی، پاک افغان یوتھ فورم سے باہمی روابط کو فروغ ملے گا۔آرمی چیف نے کہا کہ پاک افغان نوجوان خطے کا مستقبل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق افغان صحافیوں نے تبادلہ خیال کا موقع دینے پر آرمی چیف سے اظہار تشکر کیا۔افغان میڈیا کے وفد نے پاکستان کا افغان مہاجرین کی میزبانی اور امن عمل میں کردار کو قابل قدر قرار دیا۔پاک فوج کے سربراہ سے ملاقات کے دوران افغان صحافیوں کے وفد نے افغان امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا، افغان صحافیوں کی امن کے لیے پاکستان کی سنجیدہ کاوش کی بھی تعریف کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں