پاکستان ریلوے نی یکم ستمبر 2021سے ویکسین نہ لگوانے والے مسافروں پر کوویڈ چارج لاگو کرنے کا فیصلہ کرلیا
کوئٹہ :پاکستان ریلوے نے یکم ستمبر 2021سے ویکسین نہ لگوانے والے مسافروں پر کوویڈ چارج لاگو کرنے کا فیصلہ کرلیا۔سما ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان ریلوے نازیہ جبین نے بتایا کہ اگلے ماہ سے فی مسافر 10فیصد کوویڈ چارج کیا جائے گا اور مسافروں کو دوران سفر کرونا ویکسین سرٹیفکیٹ دکھانا بھی لازمی ہوگا۔ترجمان ریلوے نے بتایا کہ یکم جنوری 2022سے صرف 20سال سے کم عمر والے مسافروں کو ویکسین کے بغیر سفر کرنے کی اجازت دی جائے گی لیکن یکم اپریل 2022کے بعد سے کوئی بھی مسافر بغیر ویکسین سفر نہیں کر سکے گا۔نازیہ جبین نے کہا کہ یہ اقدام اس لیے گیا تاکہ ٹرین میں سفر کرنے والے مسافر جلد از جلد کرونا ویکسین لگوا لیں اور اس حوالے سے مختلف طریقوں پر غور کیا جا رہا ہے۔ترجمان نے واضح کیا کہ ریلوے مسافروں کے لیے کرونا ویکسین لگوانے کی آخری تاریخ 31مارچ 2022ہے اور اسکے بعد بغیر ویکسین سفر کرنے پر پابندی ہوگی۔واضح رہے کہ ملک میں مسافروں کی بہت بڑی تعداد بذریعہ ٹرین سفر کرتی ہے۔ اس سے قبل سی اے اے بغیر ویکسین اندرون ملک ہوائی سفر پر پابندی لگا چکی ہے۔


